نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں پاکستانی پولیس آفیسرز کیپٹن عدیل رانا اور لیفٹنٹ ضیغم عباس نے بیج لگائے، ناصر سلیم نے کامیابی پاکستان کے نام کر دی
نیویارک (اردون نیویارک ) نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ آگژلری میں ناصر سلیم ڈپٹی چیف کے عہدے پر ترقی پانے والے پہلے پاکستان و مسلم امریکن ڈپٹی چیف بن گئے ۔ انہیں انسپکٹرکے عہدے سے ڈپٹی چیف کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے ۔ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں والنٹئیر خدمات انجام دینے والے آگژلر ی پولیس کے ڈیپارٹمنٹ سے برس ہا برس سے وابستہ اور طویل خدمات انجام دینے والے ناصر سلیم کی تقریب حلف برداری آگژلری پولیس کے ہیڈ آفس واقع کوینز بورو آفس میں منعقد ہوئی جہاں ان کی کمانڈنگ آفیسر ڈپٹی انسپکٹر ریا نے ڈپٹی چیف ناصر سلیم سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
اس موقع پر موجود نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں پاکستانی پولیس آفیسرز کیپٹن عدیل رانا اور لیفٹنٹ ضیغم عباس کو ڈپٹی چیف کے بیج لگائے ۔تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی مقامی شخصیات اور ارکان کے ساتھ ساتھ ناصر سلیم کے آگژلری پولیس مین ساتھیوں نے بھی شرکت کی ۔
شرکاءنے ناصر سلیم کو ان کی کامیابی اور ترقی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پوری کمیونٹی کا نام روشن کیا ہے اور کمیونٹی کو ان پر فخر ہے ۔ ڈپٹی چیف ناصر سلیم جب تقریب سے خطاب کرنے آئے تو فرط جذبات سے رو پڑے اور خطاب مکمل نہ کرسکے۔ انہوں نے پولیس حکام اور ساتھیوں کا شکرئیہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بے لوث خدمات انجام دی ہیں اور مجھے اپنی خدمات پر فخر ہے ۔