کراچی: ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین کورونا وبا کے باعث خالی خانہ کعبہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور روپڑیں۔
نادیہ حسین حال ہی میں پی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں شریک ہوئیں جہاں ٹرانسمشین کے میزبان احسن خان نے ان سے ان کا حج اور عمرے کا تجربہ شائقین کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے کہا۔ نادیہ حسین نے کہا کہ خانہ کعبہ کی زیارت کے تجربے کو لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا کیونکہ آپ جو کچھ وہاں محسوس کرتے ہیں اس کی وضاحت کے لیے الفاظ نہیں ہوتے۔
کورونا وائرس نے جہاں پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے وہیں اس کے خوفناک اثرات خانہ کعبہ اور مسجد نبوی پر بھی پڑے ہیں اور گزشتہ کئی ہفتوں سے خانہ کعبہ زائرین کے لیے بند ہے۔ نادیہ حسین نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خانہ کعبہ کو خالی دیکھ کر میرے رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں۔
نادیہ حسین خانہ کعبہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں اور کہا مجھے نہیں سمجھ آتا ہم کہاں اللہ کو راضی کرنے سے چوک گئے۔ مجھے خالی خانہ کعبہ کو دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے ہر بار جب بھی میں دیکھتی ہوں خانہ کعبہ خالی ہے کچھ سمجھ نہیں آتا کیاکروں پھر میں اللہ سے معافی مانگتی ہوں اور دعا کرتی ہوں یااللہ تیرا گھر ہے اور تیرا گھر کبھی بھی خالی نہیں ہوتا اور آج کل اتنے عرصے سے تیرا گھر خالی ہے۔
نادیہ حسین نے روتے ہوئے کہا جب بھی میں یہ بات سوچتی ہوں میری آنکھوں میں آنسو آجاتے ہیں۔ لہذا ہم اسی چیز کو ذہن میں رکھ کر احتیاط کرلیں، اس وبا کو پھیلنے سے روک لیں لیکن ہم تو اتنے بے حس ہوچکے ہیں کہ ہمیں پرواہ ہی نہیں ہے کہ اس وبا کے پھیلنے کی وجہ سے خانہ کعبہ آج کل خالی ہے اور اس سب کے باوجود ہم احتیاط نہیں کرتے۔
نادیہ حسین کی باتیں سن کر اور انہیں جذباتی دیکھ کر شو کے میزبان احسن خان اور وہاں موجود شائقین بھی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھوں سے بھی آنسو چھلک پڑے۔