پاکستان کی نامور اداکارہ و سماجی کارکن نادیہ جمیل کیریئر کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بھی بے حد سرگرم رہتی ہیں۔
وہ چائلڈ اسمگلنگ اور کم عمری میں شادی کے خلاف بھی ڈراموں پر کام کرچکی ہیں جبکہ انہوں نے خود کو بچوں کے کئی فلاحی اداروں سے بھی جوڑا ہوا ہے۔
اسی حوالے سے اداکارہ نادیہ جمیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حمزہ علی عباسی سے ایک درخواست بھی کردی ہے۔
مزید پڑھیں: بچوں کی اسمگلنگ پر مبنی ڈرامے میں نادیہ جمیل کا مرکزی کردار
اداکارہ نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘حمزہ علی عباسی میں آپ کو متعدد مرتبہ فون کرچکی ہوں پر آپ کی جانب سے جواب موصول نہیں ہوا، میں جس یتیم خانے کے ساتھ منسلک ہوں وہیں سے آپ کو فون کررہی تھی’۔
نادیہ جمیل نے مزید لکھا کہ ‘یہاں کے بچے آپ کے بہت بڑے مداح ہیں اور آپ سے ملنا چاہتے ہیں’۔
اداکارہ نے حمزہ علی عباسی سے درخواست کرتے ہوئے لکھا کہ ‘اگر ہوسکے تو آپ ایک دن کی چھٹی لے کر ان کے ساتھ یہاں آکر کرکٹ کھیل لیں، میں آپ کی بےحد شکرگزار رہوں گی، یہاں موجود تمام بچے آپ سے بےحد محبت کرتے ہیں’۔
جس کے بعد حمزہ علی عباسی نے نادیہ جمیل کی درخواست پر جواب دیتے ہوئے ان سے فون نہ سننے پر معافی مانگی۔
حمزہ علی عباسی نے لکھا کہ ‘میں آپ کے پیغامات نہیں دیکھ سکا اس کے لیے معذرت، میرا فون افسوسناک طور پر تقریباً ہمیشہ اسپام ہوتا ہے’۔
اداکار نے مزید لکھا کہ وہ بچوں کے ساتھ کرکٹ ضرور کھیلنا چاہیں گے اور اس کے لیے انہوں نے نادیہ جمیل سے ان کا نمبر بھی مانگ لیا۔
یاد رہے کہ نادیہ جمیل نے اینٹوں کے بھٹے پر کام کرنے والے بچے اور ایک اسٹریٹ چائلڈ کو گود لے کر بھی مثال قائم کی تھی۔
وہ اس وقت ‘دمسئہ’ نامی ڈرامے میں کام کررہی ہیں جس کی کہانی بچوں کی اسمگلنگ پر مبنی ہے۔