نادیہ جمیل نے کینسر کے علاج کے دوران سر کے بال منڈوا لیے


معروف اداکارہ نادیہ جمیل نے کینسر کے علاج کے دوران اپنے سر کے بال جھڑنے وجہ سے سے انہیں منڈوا لیا اور انہوں نے بالوں کو منڈوانے کی ویڈیو مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار بھی کیا۔

نادیہ جمیل میں رواں برس اپریل میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی انہوں نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں مداحوں کو بتایا تھا کہ گزشتہ ہفتے ہی ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی اور وہ چار روز میں 2 بار علاج کے لیے ہسپتال جا چکی ہیں۔

انہوں نے تین اپریل کو اپنی سلسلہ وار ٹوئیٹس میں بتایا تھا کہ ’ ان میں بریسٹ کینسر کی پہلی اسٹیج ہے اور ٹیومر کا تیسرا گریڈ ہے، خواتین کے لیے باقاعدگی سے خود کی جانچ کروانا ضروری ہے، اگر خواتین اپنے اندر کوئی بھی غیر معمولی کیفیت محسوس ہوتی ہے تو وہ فوری چیک کروائیں، وہ اپنی سرجری کی تاریخ کا انتظار کررہی ہیں اور کافی مثبت ہیں، ان کی وجہ سے ان کے مداح بھی پریشان نہ ہوں اور وہ اپنا بہت خیال رکھیں‘۔

بعد ازاں 6 اپریل کو اداکارہ نے اپنی ٹوئیٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ ان کی ابتدائی چھوٹا آپریشن کردیا گیا اور 2 ہفتوں کے دوران ان کے لمف نوڈ بائیوپسی کے کیموتھراپی اور ریڈی ایشن سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا اور بعد ازاں انہیں کیموتھراپی کے ڈوز دینے کا آغاز کیا گیا تھا۔

نادیہ جمیل علاج کےلیے لندن میں موجود ہیں اور عید الفطر کے موقع پر ان کی دوسری کیموتھراپی کی گئی تھی اور وہ دوسری کیموتھراپی کے دوران جہاں پر امید دکھائی دیں، وہیں وہ کمزور بھی دکھائی دیں اور انہوں نے اپنی سلسلہ وار سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو اپنی صحت اور جذبات سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

نادیہ جمیل نے 27 رمضان المبارک سے لےکر عید کے تیسرے روز تک انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر مداحوں کے ساتھ نہ صرف تصاویر شیئر کیں بلکہ انہوں نے مداحوں کو اپنی صحت اور جذبات سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

نادیہ جمیل نے ایک پوسٹ میں اپنے سر کے بال منڈوانے کی ویڈیو بھی شیئر کی اور بتایا کہ کینسر کے علاج کے دوران ان کے بال کمزور ہوچکے تھے اور وہ جھڑنے لگے تھے، جس وجہ سے انہوں نے انہیں آخری بار بڑے پیار سے شیمپو سے دھونے کے بعد انہیں منڈوادیا۔

انہوں نے سر کے بال منڈوائے جانے پر دکھ کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ سر کے بال خواتین کی خوبصورتی ہوتے ہیں، تاہم ساتھ ہی انہوں نے امید کا اظہار بھی کیا کہ ان کے لیے آنے والا کل گزرے ہوئے کل اور آج سے بہتر ہوگا۔

سر کے بال منڈوانے سے قبل انہوں نے ایک پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے لیلت القدر کی رات اپنے لیے نہیں بلکہ اپنے والدین اور بچوں سمیت اہل خانہ اور دنیا بھر کے لیے ماؤں اور بچوں کےلیے دعائیں مانگیں اور انہیں یقین ہے کہ انہیں بھی صحت ملے گی۔

نادیہ جمیل نے سر کے بال منڈوانے اور دوسری کیموتھراپی کے بعد بھی انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ وہ درد اور تکلیف سمیت کمزوری اور امید کا مقابلہ کر رہی ہیں، اگرچہ وہ کافی کمزور ہو چکی ہیں اور ان سے نہ ٹھیک طرح سے کھایا جا رہا ہے اور نہ بیٹھا جا رہا ہے، تاہم انہیں امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوجائیں گی۔

نادیہ جمیل کی جانب سے عید کےموقع پر اپنی بیماری اور تکلیف سے متعلق کی جانے والی پوسٹس پر درجنوں مداحوں نے ان کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحت کے لیے دعائیں بھی کیں۔

نادیہ جمیل نے 2 دن قبل ہی انسٹاگرام پر اپنی اور ایک خاتون دوست کی تصویر شیئر کی اور مداحوں کو بتایا کہ ان کی ایک دیرینہ دوست نے ان سے اظہار محبت کے طور پر اپنے سر کے بال منڈوالیے اور انہوں نے اپنی دوست کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان سے تعلقات کے حوالے سے بھی بتایا۔

اداکارہ نے گزشتہ روز بھی اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ دوسری کیموتھراپی کے کچھ دن بعد اب ان کی طبیعت بہتر ہے اور وہ آج خود کو گزرے ہوئے کل سے اچھا محسوس کر رہی ہیں۔

انہوں نے مداحوں کو بتایا کہ کینسر کے علاج کے دوران وہ ہر روز نئی باتیں سیکھ رہی ہیں، وہ زندگی کو منفرد زاویے سے دیکھنے سمیت اپنی ذات سے متعلق بھی بہت ساری چیزیں سیکھ رہی ہیں۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں اپنے لیے نیک خواہشات رکھنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی کہا کہ انہیں امید ہے کہ ان کا یہ درد ان کے اور ان کے بچوں کے لیے جلد ختم ہوگا۔


اپنا تبصرہ لکھیں