اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والی حالیہ ہندو مسلم فسادات پر عالمی برادری کو خبردار کردیا۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے بھارتی دارالحکومت دہلی میں ہونے والے حالیہ ہندو مسلم فسادات کی کچھ تصاویر شیئر کیں۔
وزیراعظم نےکہا کہ ’میں پیشگوئی کررہا ہوں کہ عالمی برادری کی مداخلت تک اس طرح کے واقعات کے نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے لیے انتہائی تباہ کن نتائج ہوں گے‘۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ’ دہلی میں مسلمانوں کا قتلِ عام، پولیس اور آر ایس ایس گینگز کے ذریعے ریاستی دہشت گردی بھارت میں 200 ملین مسلمانوں کو بنیاد پرست بناسکتی ہے‘۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’جس طرح سے ایک لاکھ کشمیریوں کی اموات اور قابض بھارتی فوج کے ظلم و جبر سے کشمیری نوجوان بنیاد پرست ہوچکے ہیں‘۔
واضح رہے کہ شہریت کے متنازع قانون کے خلاف نئی دہلی میں ہونے والے احتجاج پر گزشتہ ہفتے پولیس اور بی جے پی کے غنڈوں نے حملہ کیا جس کے بعد دارالحکومت کے شمال مشرقی علاقوں میں ہندو مسلم فسادات پھوٹ پڑے جن میں مسلمانوں کی املاک سمیت مساجد کو نشانہ بنایا جب کہ مسلمانوں کو شناخت کرکے انہیں قتل کیا گیا
۔
نئی دہلی میں ہونے والے فسادات میں تقریباً 39 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوئے۔