’می ٹو‘ مہم کی وجہ بننے والے ہاروی وائن اسٹائن پر ایک اور خاتون کا جنسی حملے کا الزام


ہالی وڈ کے بدنامِ زمانہ فلم ساز اور جنسی حملے کے الزام میں 23 سال کی سزا کاٹنے والے  ہاروی وائن اسٹائن  پر  ایک اور  خاتون کی جانب سے جنسی حملے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

لاس اینجلس کی مقامی عدالت کے اٹارنی جنرل کے مطابق یہ واقعہ 2010 میں لاس اینجلس کے ایک ہوٹل کا ہے جہاں ملزم کی جانب سے مدعیہ پر جنسی حملہ کیا گیا۔

دوسری جانب ہاروی وائن اسٹائن پر لاس اینجلس میں ہی 2013 میں 2 خواتین سے جنسی زیادتی اور ہراسانی کے الزامات میں مقدمے کا سامنا ہے تاہم اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین مقدمے میں اٌپنا بیان نہیں دینا چاہتیں۔

رپورٹ کے مطابق وائن اسٹائن پر نیا الزام انہی 2 مقدمات کی تفتیش کے دوران سامنے آیا ہے تاہم خاتون کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔

قانونی ماہرین کا خیال ہے کہ اس نئے کیس میں بھی ہاروی وائن اسٹائن پر الزام ثابت ہوجاتا ہے تو انہیں 29 سال قید تک کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔

خیال رہے کہ 68 سالہ ہاروی وائن اسٹائن کو 11 مارچ کو 2 خواتین سے تھرڈ ڈگری ریپ اور فرسٹ ڈگری مجرمانہ جنسی حرکت کے الزامات ثابت ہونے پر نیو یارک کی عدالت نے 23 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

بدنامِ زمانہ ہالی ووڈ فلم ساز پر  80 سے زائد خواتین سے جنسی زیادتی اور ہراسانی کے الزامات ہیں اور ان کے مقدمات مختلف امریکی عدالتوں میں زیر التوا ہیں۔

خیال رہے کہ  نیویارک کی جیل  میں قید ہاروی وائن اسٹائن کاگذشتہ ماہ کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد انہیں فوراً آئیسولیٹ کردیا گیا تاہم اب وہ ٹھیک ہوچکے ہیں۔

ہاروی وائن اسٹائن کون ہے ؟

خیال رہے کہ اکتوبر 2017 میں شائع ہونے والی نیویارک ٹائمز کی تہلکہ خیز تحقیقاتی رپورٹ نے اس اسکینڈل کا انکشاف کیا تھا جس کے بعد خواتین کی بڑی تعداد نے ہالی وڈ پروڈیوسر سے متعلق ہوش رُبا حقائق سے پردہ اٹھایا تھا۔

ان ہی انکشافات کے بعد ’می ٹو‘ مہم کا بھی آغاز ہوا تھا جس کے تحت دنیا بھر میں خواتین خصوصاً سیلیبریٹز نے طاقتور اور اہم عہدوں پر فائز مردوں کی جانب سے انہیں ہراساں کیے جانے پر اپنی خاموشی توڑی تھی۔

وائن اسٹائن پر الزامات لگانے والی خواتین میں ہالی وڈ کی صف اول کی اداکارائیں انجیلینا جولی، سلمیٰ ہائیک، گائینتھ پیلٹرو، ایشلے جَڈ، روز میک گوئن اور ہیتھر گراہم شامل ہیں۔

ایک کامیاب فلمساز سے جیل تک کا سفر

 ان الزامات سے قبل ہاروی وائن اسٹائن کا شمار ہالی وڈ کی انتہائی اہم شخصیات میں ہوتا تھا اور انہوں نے بے شمار کامیاب فلمیں کرنے کے ساتھ متعدد ایوارڈز اپنے نام کیے تھے۔

اکتوبر 2017 میں الزامات سامنے آنے کے بعد ان کے زوال کا آغاز ہوا اور ان کی اپنی فلمساز کمپنی کے بورڈ سے انہیں نکال دیا گیا جب کہ ان پر ہالی وڈ کے دروازے بھی بند کردیے گئے۔

ہاروی وائن اسٹائن پر الزامات کے بعد فلمی دنیا کا سب سے معتبر ایوارڈ ’آسکر‘ دینے والے ادارے ’دی اکیڈمی ایوارڈ آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنس‘ نے ان کی رکنیت معطل کردی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں