میں 25 لیٹر دودھ میں نہاتا اور گلاب کی پنکھڑیوں کے بستر پر سوتا تھا، روی کشن

میں 25 لیٹر دودھ میں نہاتا اور گلاب کی پنکھڑیوں کے بستر پر سوتا تھا، روی کشن


بالی ووڈ کے اداکار روی کشن نے انکشاف کیا ہے کہ وہ 25 لیٹر دودھ میں نہاتے اور گلاب کی پنکھڑیوں کے بستر پر سوتے تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پروگرام ’آج کی عدالت‘ میں اداکار نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان کی اسی عادت کی وجہ سے انہیں اکثر فلموں میں کاسٹ نہیں کیا جاتا تھا جس میں سے ایک ’ گینگز آف واسے پور‘ ہے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ جب آپ کو راتوں رات شہرت مل جاتی ہے، اچانک سے ہر چیز مل جاتی ہے، پیسہ ، شہرت سب کچھ آپ کے پاس ہوتا ہے تو پھر دماغ گھومنے میں دیر نہیں لگتی۔ ممبئی جیسا شہر کسی کو بھی تکبر میں مبتلا کرسکتا ہے۔

انہوں نے تکبر کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے آپ پر تکبر تھا، مجھے لوگ ’ال پیکینو‘ اور ’رابرٹ ڈی نیرو‘ کی فلمیں دکھاتے اور بتاتے تھے کہ وہ کیسا برتاؤ کرتے ہیں۔ مجھے گاڈ فادر 5 سو بار دکھائی گئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شہہ سرخیوں میں رہنے کی خاطر میں 25 لیٹر دودھ میں نہاتا اور گلاب کی پنکھڑیوں کے بستر پر سوتا تھا، مجھے تکبر تھا کہ میں بہت بڑا اسٹار ہوں اور اسی لئے میں یہ مطالبات کرتا تھا۔ سوچتا تھا کہ میں ایسا کروں گا تو لوگ اس بارے میں بات کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اِن کے ان فضول مطالبات کی وجہ سے لوگ انہیں کاسٹ کرتے وقت سوچتے تھے کہ روز روز کہاں سے 25 لیٹر دودھ کا انتظام کیا جائے گا۔ ان مطالبات کی وجہ سے بہت نقصان اٹھانا پڑا لیکن اب انہوں نے یہ سب چھوڑ دیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں