کینیڈین انٹرنیٹ شخصیت، نوعمر ریپر لِل ٹائی نے اپنی موت کی افواہوں کے بعد بیان جاری کیا ہے۔
گزشتہ روز 14 سالہ لل ٹائی کے مداحوں کو اس وقت تشویش ہوئی جب اُن کے انسٹاگرام پیج پر ایک پوسٹ سامنے آئی جس میں ان کی اور ان کے بھائی کی موت کا اعلان کیا گیا تھا۔
نوعمر سوشل میڈیا شخصیت لِل ٹائی نے تصدیق کی ہے کہ وہ محفوظ اور زندہ ہیں، ریپر نے بتایا ہے کہ ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا تھا اور اس کا استعمال ان کی اور ان کے بھائی کی موت کے بارے میں ’مضحکہ خیز غلط معلومات‘ پھیلانے کے لیے کیا گیا تھا۔
ٹائی کے خاندان کی جانب سے میڈیا کو فراہم کردہ ایک بیان میں لِل ٹائی نے کہا ہے کہ ’میں یہ واضح کرنا چاہتی ہوں کہ میں اور میرا بھائی محفوظ اور زندہ ہے لیکن میں مکمل طور پر دل برداشتہ ہوں اور اپنی موت کی خبر پر بات کرنے کے لیے صحیح الفاظ تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہوں۔‘
انہوں نے مزید کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے اُن کے لیے بہت تکلیف دہ تھے۔
لِل ٹائی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی بحالی میں مدد کرنے پر فیس بک اور انسٹاگرام کی پیرنٹ کمپنی میٹا کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ لِل ٹائی کا تعلق کینیڈا سے ہے جبکہ وہ لاس اینجلس میں رہائش پذیر ہیں۔
انسٹاگرام پر ان کے 3.5 ملین سے زائد فالوورز ہیں۔