پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عمران اشرف نے کہا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کیلئے کوئی غلط مثال قائم نہیں کرنا چاہتے۔
نجی پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے بھولا کے کردار سے مشہور ہونے والے اداکار عمران اشرف نے کرن اشفاق سے طلاق کے بعد اپنی اور بیٹے کی زندگی پر مرتب ہونے والے اثرات سے متعلق کھل کر بات کی۔
ان کا کہنا ہے کہ طلاق کے بعد وہ اور ان کا بیٹا مشکل وقت سے گزر رہے ہیں مداح ان کے لئے دعا کریں، میں نہیں چاہتا کہ کل کو میرا بیٹا بڑے ہوکر میرے بارے میں یہ سوچے کہ میرا باپ ایسا تھا۔
اس کے بعد ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ ہم زندگی کے ایک مشکل مرحلے سے ضرور گزر رہے ہیں، لیکن طلاق کے بعد ہماری زندگی میں کوئی منفی بات نہیں ہے، میں اور کرن مل کر ہمارے بیٹے روحام کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔
انہوں نے روحام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میری زندگی کا سب سے بڑا مقصد میرے بیٹے کی زندگی ہے، اس لئے میں کبھی کوئی ایسا کام یا کوئی ایسی بات نہیں کرسکتا جس سے میرے بیٹے کو نقصان ہو یا جو میری اخلاقیات کے خلاف ہو۔
یاد رہے کہ عمران اشرف نے کرن اشفاق سے 2018 میں شادی کی تھی جن سے ان کا ایک بیٹا روحام ہے تاہم یہ شادی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور سا ل 2022 کے آخر میں اس جوڑی نے راہیں جدا کرلیں۔