میک اپ آرٹسٹ نے ایک اور انداز سے مداحوں کو دنگ کردیا


پاکستان کے نامور میک اپ آرٹسٹ شعیب خان کا شمار شوبز انڈسٹری کے بہترین فنکاروں میں کیا جاتا ہے اور وہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی کئی نامور شخصیات کے ساتھ کام کرتے آرہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر انہیں گزشتہ سال سے اس وقت بےحد مقبولیت ملنا شروع ہوئی جب انہوں نے میک اپ کی مدد سے کئی کامیاب کرداروں اور شخصیات کے روپ اپنائے۔

مزید پڑھیں: لازوال خوبصورتی کی علامت ’نورجہاں‘ کو میک اپ آرٹسٹ کا خراج تحسین

شعیب خان اب تک نور جہاں، اینجیلینا جولی جیسی شخصیات کا روپ دھار چکے ہیں اور اب انہوں نے بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کی فلم ‘چھپاک’ میں اپنایا ان کا روپ بھی میک اپ کی مدد سے کاپی کرلیا۔

خیال رہے کہ فلم ‘چھپاک’ میں دپیکا پڈوکون تیزاب گردی کا شکار ہونے والی لڑکی لکشمی کے کردار میں نظر آئیں تھیں۔

شعیب خان نے دپیکا کی اس فلم کے پوسٹر سے متاثر ہوکر اپنا میک اپ کیا اور تیزاب گردی کا شکار ہونے والی لڑکیوں کے لیے ایک پیغام بھی دیا۔

شعیب خان کا کہنا تھا کہ ‘یہ انداز اپنانے کے بعد، میں تیزاب گردی کا شکار ہونے والوں سے صرف یہ کہوں گا کہ خود کو دنیا سے نہ چھپائیں، مسکرائیں، کوئی آپ کو شرمندہ نہیں کرسکتا، اپنے زخموں کے نشانات کو نہ چھپائیں بلکہ اسے سپر پاور سمجھیں، آپ خوبصورت ہیں اور ہمیشہ خوبصورت ہی رہیں گی’۔

اگر یہ کہا جائے کہ شعیب خان بولی وڈ اداکارہ کے بہت بڑے مداح ہیں تو شاید غلط نہیں ہوگا۔

کیوں کہ یہ پہلا موقع نہیں تھا جب شعیب خان نے میک اپ کی مدد سے دپیکا پڈوکون کے کسی کردار کے لُک کو اپنایا ہو۔

یہ بھی دیکھیں: پاکستانی فنکار میک اپ کی مدد سے اب دپیکا بن گئے

وہ دپیکا پڈوکون کی کامیاب فلموں ‘اوم شانتی اوم’ اور ‘باجی راؤ مستانی’ کے کرداروں جیسا میک اپ کرکے بھی مداحوں کا دل جیت چکے ہیں۔

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

اپنی پوسٹ میں شعیب خان نے خود بھی لکھا کہ ‘جیسا کے سب جانتے ہیں میں دپیکا پڈوکون کا بہت بڑا مداح ہوں لیکن اس فلم کے بعد میرے دل میں ان کی عزت اور بڑھ گئی ہے، چھپاک کے ذریعے انہوں نے جس طرح اس مسئلے پر شعور اجاگر کرنے کی کوشش کی وہ قابل تعریف ہے’۔

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

اپنا تبصرہ لکھیں