’’میرے پاس تم ہو‘‘ کا سیکوئل بنا تو خلیل الرحمان قمر ہی لکھیں گے،ہمایوں سعید


کراچی: ہمایوں سعید کا کہنا ہے کہ اگر ڈراما سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کا سیکوئل بنا تو اس کی کہانی خلیل الرحمان قمر ہی لکھیں گے۔

ہمایوں سعید نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے سپر ہٹ ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘اورساتھی اداکار و اداکاراؤں کے بارے میں کئی دلچسپ باتیں کیں۔

’’میرے پاس تم ہو‘‘نے جہاں کامیابی کے جھنڈے گاڑے وہیں یہ ڈراما اس لیے بھی تنقید کی زد میں رہا کہ لوگوں کے خیال میں اس ڈرامے میں خواتین کی تضحیک کی گئی تھی ایک خاتون تو اس ڈرامے کے خلاف عدالت تک پہنچ گئی تھیں۔ تاہم ہمایوں سعید نے کہا کہ ڈرامے میں خواتین کی تضحیک کا کوئی پہلو نہیں تھا۔

ہمایوں سعید نے مزید کہا کہ ڈرامے میں لوگوں کے لیے ایک سبق تھا کہ اگر آپ کی بیوی آپ کے ساتھ غلط کرتی ہے یا جس سے آپ محبت کرتے ہیں وہ شخص آپ کو دھوکا دیتا ہے تو آپ کو اسے مارنا نہیں ہے، ہاتھ نہیں اٹھانا بلکہ صبر کرنا ہے۔

اس ڈرامے کی جتنی تعریف ہوئی وہیں اس کے کردار بھی لوگوں میں بے حد مقبول ہوئے خاص کر ’’مہوش‘‘ کا کردار جسے عائزہ خان نے اداکیا تھا بھی لوگوں کو بے حد پسند آیا۔ بقول سونیا حسین پہلے اس کردار کی پیشکش انہیں کی گئی تھی لیکن انہوں نے اس کردار کو ٹھکرادیا تھا۔ ہمایوں سعید سے جب پوچھا گیا کہ کیا سونیا حسین بھی اس کردار سے اتنا ہی انصاف کرتیں جتنا عائزہ خان نے کیا تھا تو انہوں نے کہا سونیا اچھی اداکارہ ہیں وہ اس کردار سے انصاف کرسکتی تھیں۔

’’میرے پاس تم ہو‘‘ کے سیکوئل کے حوالے سے ہمایوں سعید نے کہا کہ اس ڈرامے کا سیکوئل بن سکتا ہے اور اس کی کہانی بھی خلیل الرحمان قمر ہی لکھیں گے۔ شو کے دوران ہمایوں سعید نے اپنے ساتھی اداکاروں کو کچھ دلچسپ مشورے بھی دئیے۔

ہمایوں سعید نے مہوش حیات کو کم کھانے کا مشورہ دیا،عائشہ خان کو کہا کہ کبھی کبھی مجھے فون کرلیاکریں، اشنا شاہ کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ڈراموں میں کم آیا کرو جب کہ طاہر شاہ کو کہا گانا نہ گایا کرو۔ عمران عباس کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران عباس خوبصورت آدمی ہیں لہذٰا انہیں مشورہ دوں گا کہ کم میک اپ کیا کریں۔


اپنا تبصرہ لکھیں