میرے پاس تم ہو میں ’دانش‘ پراعتراض تھا، عائزہ خان


کراچی: 

اداکارہ عائزہ خان کا کہنا ہے کہ انہیں ابتدا میں ڈراما سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کے مرکزی اداکار ہمایوں سعید کے ڈرامے میں نام ’’دانش‘‘ پراعتراض تھا۔

پاکستان کی تاریخ کے مقبول ترین ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘میں اداکارہ عائزہ خان نے’’مہوش‘‘ کا مرکزی کردار ادا کیا تھا جب کہ ان کے مقابل ہمایوں سعید نے ان کے شوہر ’’دانش‘‘ کا کردار نبھایا تھا۔ اتفاق سے عائزہ خان کے شوہر کا نام بھی حقیقت میں ’’دانش‘‘ ہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی کامیابی پرجو دعائیں ملیں اتنی پورے کریئرمیں نہیں ملیں

ڈرامے اور حقیقت میں عائزہ خان کے شوہر’’دانش‘‘ کے نام کو لے سوشل میڈیا پر مزاحیہ پوسٹس بھی وائرل ہوئیں جب کہ ایک انٹرویو کے دوران جب عائزہ سے اس اتفاق کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ابتدا میں انہیں ڈرامے میں ’’دانش‘‘ کے نام پر اعتراض تھا کیونکہ یہ ان کے شوہر کا نام بھی ہے لہذا انہوں نے کہا کہ دانش ہی کیوں؟ جس پر انہیں کہا گیا کہ ڈرامے میں مہوش اوردانش کی خوبصورت کہانی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کے اختتام پر سیاستدانوں کے بھی دلچسپ تبصرے

عائزہ خان نے مزید کہا کہ ڈرامے میں ہمایوں سعید کے نام ’’دانش‘‘ کی وجہ سے انہیں تھوڑی مشکل بھی پیش آئی کیونکہ وہ اپنے شوہر کو ہمیشہ ’’آپ‘‘ کہہ کر بلاتی ہیں جب کہ ڈرامے میں انہیں ہمایوں سعید کو غصے سے ’’تم‘‘ کہہ کر بلانا پڑتا تھا۔

واضح رہے کہ ڈراما سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ نے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دئیے ہیں۔ یہ ڈراما اتنا مقبول ہوا کہ اس کی آخری قسط کو سینما میں دکھایا گیا جسے دیکھنے بڑی تعداد میں لوگ پہنچے۔ ڈرامے میں عائزہ خان، ہمایوں سعید، عدنان صدیقی اورحرا مانی نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں