’میرے پاس تم ہو‘ سے’ ہمارے پاس تم ہو تک‘ میجر جنرل آصف غفوراور ہمایوں سعید کی ٹوئٹ


کراچی: نامور اداکار ہمایوں سعید اور ترجمان پاک فوج آصف غفور کے درمیان ٹوئٹر پر دلچسپ مکالمہ ہوا ہے جس میں ہمایوں نےڈی جی آئی ایس پی آر کے لیے نیک تمناؤں اور پاک فوج پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

اداکار ہمایوں سعید نے ٹوئٹر پر اپنی اور میجر جنرل آصف غفور کی ایک تصویر شیئر کی ہے۔ تصویر میں دونوں نہایت خوش ایک دوسرے سے گلے مل رہے ہیں۔ ہمایوں سعید نے تصویر کے ساتھ  پیغام لکھا ’’ ترجمان پاک فوج سے ملاقات کرکے ہمیشہ بہت اچھا محسوس ہوتا ہے۔ آصف غفور بہت عاجز اورپر جوش انسان ہیں جو میڈیا ممبران کا احترام اور ان کی عزت کرتے ہیں۔ خدا ترجمان پاک فوج کو صحت اور خوشیاں دے۔ اس کے ساتھ ہی ہمایوں سعید نے پاک فوج پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ’’ہمارے پاس تم ہو‘‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ہمایوں سعید کی ٹوئٹ کے جواب میں کہا تمہارا شکریہ ہیرو ہمایوں سعید۔ انہوں نے ہمایوں سعید کے مقبول ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’’میرے پاس تم ہو‘‘ سے ’’ہمارے پاس تم ہو‘‘ تک۔ قوم کی حمایت اورپاک فوج پر اس کا اعتماد ہمارا فخر ہے۔ مجھے معلوم ہے  یہ جملہ آپ کے دل کے قریب ہے’’آرام سے سوجاؤ ہم ہیں نا‘‘۔

اس کے ساتھ ہی ترجمان پاک فوج نے ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا جس میں وطن کے لیے جان قربان کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں