میری تعیناتی کا نوٹی فکیشن بم بن کر اپوزیشن پر گرا ہے، فردوس عاشق اعوان


وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ میری تعیناتی کا نوٹی فکیشن بم بن کر اپوزیشن پر گرا ہے لیکن میں ان کے زخموں پر مرچیں چھڑکنے نہیں مرہم رکھنے آئی ہوں اور انہیں ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دیتی ہوں۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اپوزیشن کو پیغام دیا کہ عوام ہم سے توقع کرتے ہیں کہ سیاسی نوک جھونک میں وقت لگانے کے بجائے تعمیری کام کریں۔

انہوں نے اپوزیشن کو مخاطب کرکے کہا کہ ‘ہمیں مل کر داخلی اور خارجی سطح پر دشمنوں کا مقابلہ کرنا ہے اس لیے آپ دشمن مخالف ایجنڈے کا آلہ کار نہ بنیں’۔

فردوس عاشق اعوان نے پنجاب کو بڑا ‘بھائی’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بڑے بھائی کو دیگر تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا وقت کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بطور معاون خصوصی برائے اطلاعات پہلا دن ہے اس لیے خواہش نہیں کہ اپوزیشن کے مورچوں پر حملہ ہو لیکن کسان اتحاد کے نام پر ایک سیاسی ٹولے نے ایک پریس کانفرنس کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ سیاسی ٹولہ بھول جاتے ہیں کہ ان کے دور حکومت میں کسان احتجاجاً دودھ سڑکوں پر پھینکنے پر مجبور ہوئے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ وہی کسان ہیں جنہیں گزشتہ حکومت میں پولیس تشدد کا نشانہ بناتی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب سے ملک کا 70 فیصد غذائی ضرورت پوری ہوتی ہے اور پنجاب نے ہمیشہ بڑے بھائی کا کردار ادا کیا ہے۔

معاون خصوصی نے سوال اٹھائے کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں گندم کی سپورٹ پرائز کو 5 برس میں کیوں نہیں بڑھایا، کھاد کے حوالے سے کوئی سبسڈی کیوں نہیں دی گئی، قوم کو یاد ہے کہ اس وقت کسان کو کس طرح بے حال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کسانوں کے مفاد کے تحفظ کی ذمہ داری نبھانی ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اٹھائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘گندم کی سپورٹ پرائز میں جو اضافہ ہوا ہے ہم سمجھتے ہیں کہ اس میں مزید اضافہ ہونا چاہیے’۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ محدود وسائل میں رہتے ہوئے فیصلے کیے گئے اور جوں جوں معاشی وسائل بہتر ہوئے تو قیمتیں بھی بہتر ہوں گئیں۔

واضح رہے کہ **2 نومبر ** کو پنجاب کابینہ میں ہونے والی تبدیلیوں کے بعد فردوس عاشق اعوان کو وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر کیا گیا تھا۔

اس سے قبل فردوس عاشق اعوان وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کی حیثیت سے بھی کام کرچکی ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی نو منتخب معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے نوٹی فکیشن کا عکس شیئر کرتے ہوئے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ ‘میں اپنے قائد عمران خان کی شکر گزار ہوں جنہوں نے میری قابلیت اور صلاحیت پر اعتماد کیا’

انہوں نے مزید کہا تھا کہ ‘وزیراعلیٰ پنجاب کا بھی شکریہ کہ انہوں نے مجھے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا’۔


اپنا تبصرہ لکھیں