میرا کم عمری میں دو مرتبہ ریپ کیا گیا، سابق پروفیشنل ریسلر


سابق پروفیشنل ریسلر اور ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) میں اپنا لوہا منوانے والی نکی بیلا نے اپنی سوانح حیات میں انکشاف کیا کہ ان کا کم عمری میں دو مرتبہ ریپ کیا گیا۔

گلوبل نیوز کی رپورٹ کے مطابق نکی نے اپنی جڑواں بہن بری کے ہمراہ مل کر سوانح حیات پر مبنی کتاب تحریر کی، جس میں انہوں نے چند ناخوشگوار واقعات بھی بیان کیے اور اب ان کے حوالے سے بات کرنے اور سچائی سامنے لانے کی وجہ بھی بتائی۔

نکی بیلا کا کہنا تھا کہ 15 سال کی عمر میں ان کے اسکول کے ساتھی نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا، اس وقت وہ ایسا سمجھتی تھی کہ یہ ان کا دوست ہے۔

نکی بیلا کے مطابق ’وہ وقت نہایت مشکل تھا اور اس کے بعد مجھے ہی اس سب کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا اور شرمندہ کیا گیا، جب کیس کے ساتھ ایسا کچھ ہوتا ہے تو غصے سے زیادہ شرمندگی محسوس ہوتی ہے، تب ایسا لگتا تھا کاش میں خود کو روک پاتی‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’جب میرے ساتھ ریپ کیا گیا تو میں سالوں تک خود کو ہی ذمہ دار ٹھہراتی رہی، مجھے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا اور یہی وجہ ہے کہ میں نے اس بات کو چھپایا لیکن ایسا کرنے سے میرا خود پر اعتماد ختم ہونے لگا‘۔

نیکی بیلا نے مزید کہا کہ ’میں نے اپنی بے عزتی کرنا شروع کردی، اس کے بعد نوجوانی میں، جو رشتے میں نے بنائے تو ان لوگوں نے بھی میری بے عزتی کی، لیکن میں سوچا کرتی تھی کہ شاید میں اس ہی قابل ہوں اور میرے ساتھ ایسا ہی ہونا چاہیے‘۔

انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ شاید ان کی یہ کہانیاں پڑھ کر دوسرے لوگ سبق سیکھے اور بااختیار بنیں۔

یاد رہے کہ 2017 میں جنسی طور پر ہراساں ہونے والی خواتین کی مہم ’می ٹو‘ سامنے آئی تھی جس نے دنیا کو دنگ کردیا تھا۔

اس مہم کے حوالے سے سابق ریسلر نے لکھا کہ ’جب می ٹو مہم سامنے آئی، تو میں نے سوچا شاید یہ نوجوان لڑکیاں ہماری جانب دیکھتی ہیں اور میں کسی طرح ان کی مدد کرسکتی ہوں‘۔

نکی نے یہ بھی بتایا کہ 28 سال کی عمر میں انہوں نے جس شخص سے تعلقات قائم کیے اس نے انہیں خود کی عزت کرنا سکھائی اور خود کو اہمیت دینے کے بارے میں بتایا۔

اپنی جڑواں بہن بری بیلا کے حوالے سے نکی نے کہا کہ ’میں بری کو دیکھتی تھی اور سوچتی تھی کہ یہ خود کا کتنا احترام کرتی ہے، میں ایسی کیوں نہیں؟ لیکن شاید میں اس کی وجہ بھی جانتی تھی‘۔

نکی اور بری بیلا کی سوانح حیات رواں سال 5 مئی کو سامنے آئی۔

خیال رہے کہ ماضی میں نکی بیلا کے تعلقات ریسلر اور اداکار جان سینا سے تھے اور ان دونوں نے منگنی بھی کی تھی، تاہم کچھ ہی عرصہ بعد منگنی ختم کرکے بریک اپ کا اعلان کردیا تھا۔

نکی بیلا نے اپنے سوانح حیات میں جان سینا سے اپنے تعلقات پر بھی بات کی اور یہ بھی لکھا کہ ان کے ساتھ 6 سال کے تعلق کے باوجود انہیں کئی باتوں پر آج بھی افسوس ہے۔

نکی بیلا ریسلر و اداکار جان سینا سے تعلقات کی وجہ سے بھی مشہور ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
نکی بیلا ریسلر و اداکار جان سینا سے تعلقات کی وجہ سے بھی مشہور ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

نکی کے مطابق جان سینا نا تو شادی کرنے کے خواہشمند تھے اور نہ ہی انہیں بچے چاہیے تھے اور ان کی وجہ سے نکی نے بھی اپنی ان خواہشات کو دبا دیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ’میں اپنے پیار کو کھونے سے خوفزدہ تھی، جس کے باعث میں نے اپنی ان خواہشات کو کہیں دبا دیا‘۔

نکی بیلا نے گزشتہ سال اداکار آرٹم چنگوستیو سے منگنی کی تھی اور وہ منگنی سے قبل ہی حاملہ ہوگئی تھیں جس کی وجہ سے انہوں نے منگنی کی اور جلد ہی وہ شادی بھی کریں گی۔

نکی بیلا نے گزشتہ سال منگنی کی، فوٹو: اے ایف پی
نکی بیلا نے گزشتہ سال منگنی کی، فوٹو: اے ایف پی

خیال رہے کہ بری اور نکی بیلا نے 2007 میں ریسلنگ کیریئر کا آغاز کیا اور دونوں ایک ساتھ ریسلنگ رنگ میں اتری تھیں۔

دونوں بہنوں کی جوڑی کو بے حد پسند کیا گیا اور دونوں نے کئی ریسلنگ ایونٹ اپنے نام کیے۔

ریسلنگ رنگ میں دونوں انتہائی بولڈ انداز میں اپنی حریف خواتین کو چت کرتی دکھائی دیتی تھیں جب کہ بولڈ انداز کی وجہ سے انہیں میڈیا میں بھی کافی شہرت ملی۔

بری اور نکی بیلا نے نہ صرف ریسلنگ رنگ میں خود کو منوایا بلکہ انہوں نے ٹی وی اور فلموں میں بھی کام کیا جب کہ فیشن کی دنیا میں بھی انہوں نے اپنا نام بنایا۔

نکی اور بری جڑواں بہنیں ہیں اور دونوں ہی اس وقت حاملہ ہیں، فوٹو: انسٹاگرام
نکی اور بری جڑواں بہنیں ہیں اور دونوں ہی اس وقت حاملہ ہیں، فوٹو: انسٹاگرام

دونوں نے 2019 میں ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تاہم اس سے قبل ہی انہوں نے ’ٹوئن بیلا‘ نامی اپنا یوٹیوب شو شروع کیا جب کہ دونوں نے ’بیلاز پوڈ کاسٹ‘ نامی ایک اور شو بھی شروع کیا جو دیکھتے ہی دیکھتے مقبول ہوگیا۔

دونوں بہنوں نے جہاں ریسلنگ ایوارڈز اپنے نام کیے وہیں انہوں نے فلم اور فیشن کی دنیا میں بھی ایوارڈز حاصل کیے اور انہیں کافی شہرت حاصل رہی۔

بری بیلا نے 2014 میں ریسلر ڈینیئل برین سے شادی کی تھی، ان دونوں کی ایک بیٹی ہے اور اب وہ دوسری بار امید سے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں