‘میرا جسم میری مرضی’ میں اس سے اتفاق نہیں کرتی، سونیا حسین

‘میرا جسم میری مرضی’ میں اس سے اتفاق نہیں کرتی، سونیا حسین


پاکستان کی نامور اداکارہ سونیا حسین ویسے تو خود کو فیمنسٹ ہی کہتی ہیں لیکن ہر سال 8 مارچ کو منعقد ہونے والے ایونٹ ‘عورت مارچ’ اور اس میں لگائے نعروں کے وہ حق میں نہیں۔

سونیا حسین نے گزشتہ روز اے آر وائے کے اینکر پرسن وسیم بادامی کے ایک شو میں شرکت کی۔

مزید پڑھیں: سونیا حسین پاکستان کی اسٹائل آئکن؟

انٹرویو کے دوران اداکارہ سے وسیم بادامی نے یہ سوال کیا کہ انہوں نے کہا تھا کہ وہ فیمنسٹ ہیں تو اس کا مطلب بھی بتائیں؟

یاد رہے کہ 8 مارچ کو عورت مارچ کے دوران کئی فیمنسٹ خواتین ‘اپنی روٹی خود بناؤ’ اور ‘اپنا کھانا خود گرم کرو’ جیسے سلوگن لےکر سامنے آئی تھی۔

اس حوالے سے سونیا حسین نے کہا کہ ‘اگر عورت گھر میں کھانا بنا سکتی ہے تو مرد بھی بنا سکتا ہے، لیکن یہ روٹی والا جو نعرہ بنایا گیا تھا میں اس کے حق میں بالکل نہیں’۔

اداکارہ نے بتایا کہ ‘عورت مارچ میں لگائے نعروں سے میں بالکل اتفاق نہیں کرتی، میرا خیال ہے کہ جب آپ کسی چیز کو لےکر حد سے بڑھ جائیں تو پھر ایسا ہی کرتے ہیں’۔

اس موقع پر وسیم بادامی نے عورت مارچ میں لگائے ایک نعرے ‘میرا جسم میری مرضی’ کا حوالہ بھی دیا جو سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہوا تھا۔

اس پر سونیا حسین نے کہا کہ ‘میں اس بات سے بھی اتفاق نہیں کرتی، زندگی میں کچھ باتیں اہم ہوتی ہیں اور وہ صرف خواتین کے لیے نہیں مردوں کے لیے بھی یقیناً اہم ہوں گی’۔

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

انٹرویو کے دوران وسیم بادامی نے سوال کیا کہ ہراسانی شوبز انڈسٹری کی تلخ حقیقت ہے یا اس کو کچھ زیادہ بڑھا چڑھا کر بتایا جارہا ہے؟

اس پر ان کا کہنا تھا کہ ‘میں نے کبھی جنسی ہراسانی کا سامنا نہیں کیا، لیکن ہوسکتا ہے کہ کچھ لڑکیوں کو اس کا سامنا کرنا پڑا ہو’۔

خیال رہے کہ سونیا حسین نے چند ماہ قبل انکشاف کیا تھا کہ سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والے ڈرامے ‘میرے پاس تم ہو’ میں عائزہ خان کا کردار پہلے انہیں آفر کیا گیا تھا۔

انٹرویو کے دوران اداکارہ نے اس ڈرامے کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ ویسے جو پروجیکٹ میں نے نہیں کیا تو اس پر بات کرنا اچھا نہیں لگتا اور عائزہ نے ‘مہوش’ کا کردار بخوبی نبھایا ہے۔

انہوں نے فلم میں آئٹم سانگز کے حوالے سے بھی بات کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ لوگ آئٹم سانگز فلموں میں دیکھنا چاہتے ہیں اور اس میں کوئی مسئلہ نہیں لیکن اگر ان سے پوچھا جائے تو وہ خود شاید کبھی کسی آئٹم سانگ میں جلوہ گر نہیں ہوں گی۔

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

سونیا حسین اس وقت ‘ٹچ بٹن’ نامی فلم میں کام کررہی ہیں، اس فلم میں ان کے ہمراہ فرحان سعید، فیروز خان اور ایمان علی نے اہم کردار نبھائے۔

حال ہی میں اس فلم کا پہلا ٹیزر بھی سوشل میڈیا پر جاری کیا گیا تھا جسے مداحوں نے کافی پسند کیا۔

فلم رواں سال عیدالفطر کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں