میرا اکاؤنٹ ہیک کرکے انتہائی نازیبا ویڈیو کو لائک کیا گیا، وقار یونس


قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ‘نازیبا ویڈیو’ کا لائک سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کردیا۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج صبح جب میں اٹھا تو کسی اللہ کے بندے نے میرا ٹوئٹر ہیک کرکے نہایت ہی نازیبا، بیہودہ ویڈیو کو میرے اکاؤنٹ سے لائک کیا ہوا تھا۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ میرے اور میرے اہل خانہ کے لیے بڑی افسوس ناک، شرمناک اور تکلیف دہ بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلی دفعہ نہیں ہوا بلکہ اس سے قبل بھی ہوچکا ہے اور یہ انسان تو باز نہیں آئے گا لہٰذا میں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ آج کے بعد میں سوشل میڈیا پر نہیں آؤں گا کیونکہ مجھے میرے گھر والے زیادہ عزیز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کے بعد آپ مجھے سوشل میڈیا پر نہیں دیکھیں گے اور اگر کسی کو اس بات سے تکلیف ہوئی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر ‘وقار یونس’ کے نام ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہوا تھا جس کی وجہ ان کے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ کے لائک سیکشن میں ایک نازیبا ویڈیو کو لائک کرنا تھا۔

اگرچہ یہ ویڈیو مارچ 2019 میں ٹوئٹر پر ایک اکاؤنٹ کی جانب سے پوسٹ کی گئی تھی تاہم وقار یونس کے اکاؤنٹ پر حالیہ لائک میں یہ سب سے اوپر نظر آرہی تھی۔

اس ویڈیو کو قومی کرکٹر کے اکاؤنٹ سے لائیک کیے جانے کے بعد سے ٹوئٹر پر ایک وقار یونس کے نام سے ٹرینڈ چلنے لگا اور صارفین ایک دوسرے سے یہ کہتے نظر آئے کہ وقار یونس کے لائیک سیکشن کو کوئی نہ دیکھے۔

تاہم اس موقع پر بھی کچھ صارفین نے میمز کا سہارا لیا اور مختلف میمز شیئرز کیں۔

یہاں یہ واضح رہے کہ ٹوئٹر پر وقار یونس کے 17 لاکھ سے زائد فولورز ہیں جبکہ وہ خود صرف 106 لوگوں کو فالو کررہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں