لولی وڈ کی کوئین کہلائے جانے والی اداکارہ میرا رواں سال اپنی فلم ‘باجی’ کے ساتھ پاکستانی سینما انڈسٹری پر چھا گئیں تھی۔
اور اب اداکارہ اپنے کیریئر میں کچھ نیا کرنے جارہی ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ موسیقی سیکھنے کی کوشش کررہی ہیں۔
میرا کی اس ویڈیو میں وہ ایک موسیقار کے ساتھ موجود ہیں جبکہ سرگم پر مہارت حاصل کررہی ہیں۔
ویسے تو یہ نظر ہی آتا ہے کہ میرا کو اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری کرنے کا بھی بےحد شوق ہے، لیکن اس بار وہ موسیقی اپنے کسی نئے کردار کے لیے سیکھنے جارہی ہیں۔
میرا نے ویڈیو شیئر کرنے کے ساتھ یہ بھی بتایا کہ ‘گلوکاری کافی مشکل ہے لیکن میں کچھ نیا سیکھنے کی کوشش کررہی ہوں اور نئے کردار کے لیے تیاری بہت دلچسپ مرحلے میں ہے’۔
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب میرا کو گلوکاری کرتے دیکھا گیا ہو، اس سے قبل 2017 میں بھی ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں ہولی وڈ فلم ‘ٹائٹینک’ کے مقبول گانے ‘مائے ہارٹ ول گو آن’ کی گلوکاری کررہی ہیں۔
‘مائے ہارٹ ود گو آن’ کی گلوکاری نامور کینیڈین گلوکارہ سیلین ڈیون نے کی تھی۔
واضح رہے کہ میرا وہ واحد پاکستانی اداکارہ نہیں جو گلوکاری کرنے کی بھی شوقین ہیں، ان کے علاوہ مہوش حیات اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری بھی کرتی آرہی ہیں۔
اس کے علاوہ حال ہی میں اداکارہ ریشم کی بھی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ہمایوں سعید کے ہمراہ ان کے ڈرامے ‘میرے پاس تم ہو’ کے گانے کی گلوکاری کرتی نظر آئیں۔