لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے اپنے بڑے بھائی میاں نواز شریف کی ضمانت پر عدالت عالیہ، وکلا اور اپنے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف شدید بیمار ہیں، ان کی ضمانت پوری قوم کیلئے خوشی کی لہر ہے۔ ہم سب اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔ پوری قوم سے درخواست ہے کہ نواز شریف کی صحت کیلئے دعا کریں۔ عدالت عالیہ، وکلا اور ان ساتھیوں کا شکریہ جنہوں نے میری اس معاملے میں مدد کی۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز تک میاں نواز شریف کے مرض کی تشخیص نہیں ہو سکی تھی لیکن اس چیز کی تسلی ہو چکی ہے کہ انھیں نہ تو ڈینگی کی شکایت ہے اور نہ ہی دل کی تکلیف کیلئے جو دوائی لیتے تھے اس کا کوئی عمل دخل ہے۔
میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پیر کے روز مریم نواز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوگی، میری پوری قوم سے دعا ہے کہ وہ ان کی رہائی کیلئے بھی دعا کریں۔