میئر کراچی کا موجودہ اختیارات کے ساتھ بلدیاتی الیکشن نہ کرانے کا مطالبہ


اسلام آباد: میئر کراچی وسیم اختر نے میئر کے موجودہ اختیارات کے ساتھ بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کا مطالبہ کردیا۔

اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ اختیارات اور مالی معاملات سب سندھ حکومت نے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں، 2017 میں ہم نے یہ درخواست دائر کی تھی ،آج اس لیے سپریم کورٹ آئے۔

انہوں نےکہا کہ بلدیاتی اداروں کواختیارات دینےکےکیس میں وفاقی حکومت ہمارے ساتھ ہے، چیف جسٹس نے بھی کہا کہ کیا پارکنگ کے پیسوں سےمیئرکراچی کو چلائے گا، چیف جسٹس نے کہا ریونیو اکٹھا کرنےوالےتمام ادارےصوبائی حکومت نےاپنے پاس رکھے ہیں۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ  اسد عمر نے بھی بلدیاتی اداروں کے اختیارات کے حوالے سے ایم کیو ایم کی طرح درخواست دائرکی ہے، بلدیاتی اداروں کو اختیارات دینے کے لیے وفاقی حکومت سنجیدہ نظر آرہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  آرٹیکل 140 اے پر عملدرآمد سے متعلق یہ مقدمہ ایم کیو ایم کے لیےاہمیت رکھتا ہے،  ملک بھر اوربالخصوص سندھ میں آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی اداروں کو اختیارات نہیں دیے جارہے۔

وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت پورا سندھ تباہ ہوچکا ہے، اگر ان ہی اختیارات کے تحت اگلے بلدیاتی انتخابات کروانے ہیں تو بہتر ہے کہ انتخابات نہ کروائے جائیں، 2013 کے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں جو اختیارات بلدیاتی اداروں کے پاس تھے وہ بھی حکومت نے بذریعہ نوٹیفیکیشن واپس لے لیے۔


اپنا تبصرہ لکھیں