کراچی: اداکارہ مہوش حیات نے سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہوتے ’’اونانا چیلنج‘‘ کو پورا کرکے شائقین کو حیران کردیا۔
سوشل میڈیا پر آئے روز کوئی نہ کوئی چیلنج سامنے آتا رہتا ہے اورعام افراد کے ساتھ مشہور شخصیات بھی اس چیلنج کو پورا کرتی نظر آتی ہیں۔ کچھ عرصے قبل سوشل میڈیا پر ’’بوتل کیپ چیلنج‘‘ مقبول ہوا تھا جسے ہالی ووڈ اور بالی ووڈ سمیت پاکستانی فنکاروں نے نہ صرف قبول کیا تھا بلکہ پورا بھی کیا تھا ان فنکاروں میں مہوش حیات بھی شامل تھیں۔
لہٰذا ایسا کیسے ہوسکتا ہے کہ سوشل میڈیا پر کوئی چیلنج وائرل ہو اورمہوش حیات اس کا حصہ نہ ہوں۔ اس بار بھی انہوں نے سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے والے ’’اوناناچیلنج‘‘ کو اپنے بھائی دانش حیات کے ساتھ مل کر پورا کرکے اپنے چاہنے والوں کو حیران کردیا ہے اور ان کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ہے۔
مہوش حیات نے ویڈیو کے ساتھ یہ بھی بتایا یہ نہ پوچھیں کہ انہیں اور ان کے بھائی کو یہ ڈانس اسٹیپس سیکھنے میں کتنا وقت لگا۔ اس کے ساتھ انہوں نے پیغام دیا کہ اس مشکل وقت میں اپنے بھائی بہنوں کے ساتھ تفریح کریں اور اپنے اندر کے بچپن کو کبھی ختم نہ ہونے دیں۔
مہوش حیات سے قبل اداکار بلال قریشی نے بھی اپنی اہلیہ عروسہ قریشی کے ساتھ ’’اونانا چیلنج‘‘ پورا کرنے کی ویڈیو شیئر کی تھی جسے شائقین کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا تھا۔
لاک ڈاؤن کے دوران سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے والا ’’اونانا چیلنج‘‘ دراصل کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کی مناسبت سے بنایا گیا ہے اس چیلنج کو پورا کرنے کے لیے کم از کم دو افراد کی ضرورت ہوتی ہے جو ہاتھوں کو چھوئے بغیر صرف پیروں کے ذریعے ڈانس کرکے اس چیلنج کو پورا کرتے ہیں۔
ابتدا میں کورونا کے خلاف جنگ لڑرہے ڈاکٹرز کی ’’اونانا چیلنج‘‘ کو پورا کرنے کی ویڈیوز سامنے آئی تھیں جسے سوشل میڈیا پر خوب پسند کیاگیا تھا۔