کراچی: وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ چند روز میں ماہی گیروں پر سے مچھلی کے شکار پر لگائی جانے والی پابندی کو اٹھانے کا باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا۔
کورونا وائرس اورلاک ڈاؤن کی وجہ سے مچھلی کے شکار پر پابندی سے سندھ کی ساحلی پٹی پر آباد لاکھوں ماہی گیروں کی بڑھتی ہوئی معاشی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے اورانھیں معاشی مشکلات سے نجات دلانے کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے وفاقی وزیر شپنگ اینڈ بحری امور علی حیدر زیدی کی صدارت میں مشاورتی اجلاس ہوا جس میں فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی کے چیئرمین عبدالبر،چیئرمین فشریز ڈیولپمنٹ کمشنر ڈاکٹر صفیہ،کوآرڈینیٹر محمود مولوی ودیگر شریک تھے۔
اجلاس میں چیئرمین فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی عبدالبر نے معا شی مشکلات کا شکار لاکھوں ماہی گیروں کا مقدمہ لڑتے ہوئے وفاقی وزیر شپنگ اینڈ بحری امور علی حیدر زیدی کو بتایا کہ کرونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث مچھلی کے شکار پر لگائی جانے والی پابندی کی وجہ سے لاکھوں ماہی گیر شدید مالی مشکلات کا شکار ہو چکے ہیں۔
چیئرمین فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی عبدالبر نے مشاورتی اجلاس کو بتایا کہ فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی نے پاک بحریہ کے تعاون سے اب تک 20ہزار ماہی گیر خاندانوں میں راشن اور امدادی رقوم تقسیم کی ہیں۔مگر متاثرہ ماہی گیروں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی کے پاس اتنے وسائل نہیں ہیں کہ وہ لاکھوں متاثرہ ماہی گیروں میں راشن اور خطیر رقم تقسیم کر سکے۔
چیئرمین فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی عبدالبر نے کہا کہ لاکھوں ماہی گیروں کو معاشی مشکلات سے نکالنے کا واحد حل مچھلی کے شکار پر لگائی جانے والی پابندی فوری طور پر اٹھانا ہوگی۔ طے شدہ ایس او پیز کا ماہی گیروں کو پابند بنایا جا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر علی زیدی نے چیئرمین عبدالبر کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ چند روز میں ایس او پیز طے کرکے ماہی گیروں پر سے مچھلی کے شکار پر لگائی جانے والی پابندی کو اٹھانے کا باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا۔