ڈھاکا:
بنگلادیش نے سرحد پر بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت کے باعث متصل علاقوں میں موبائل اور نیٹ ورک سروس بند کردی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیش نے ملکی مفاد اور سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر بھارتی سرحدوں سے متصل اپنے ایک کلومیٹر اندر تک کے علاقوں میں موبائل اور نیٹ سروس غیر معینہ مدت تک کے لیے معطل کردی ہے۔
بنگلا دیشی حکام کا کہنا ہے کہ بھارت میں متنازع قانون پر ہونے والے ہنگاموں کے اثرات بنگلادیش تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔ یہ پابندی سرحدوں کے تحفظ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے روک تھام کے لیے حفاظتی اقدام کے تحت عائد کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت اور بنگلادیش کے درمیان 4 ہزار کلومیٹر پر محیط سرحد ہے جہاں کروڑوں افراد آباد ہیں، ان علاقوں میں موبائل اور نیٹ ورک بندش سے ایک کروڑ صارفین کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے جس پر ٹیلی کام کمپنیوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔