کیلی فورنیا: امریکی ریاست کیلی فورنیا میں موبائل فون میں مشغول خاتون کھائی کو نہیں دیکھ سکیں اور 100 فٹ بلندی سے نیچے گرگئیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق پہاڑی علاقے کی سیاحت کے دوران موبائل فون کے دھیان میں اپنا دھیان نہ رکھ پانے والی خاتون 100 فٹ بلندی سے نیچے گرگئیں، خوش قسمتی سے ان کی آواز پہاڑی پر موجود ایک ہائیکر نے سن لی اور خاتون کو بچانے کی کوششوں میں جت گیا تاہم ناکامی پر ریسکیو ادارے کو مدد کے لیے طلب کیا۔
ریسکیو ادارے نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے 32 سالہ زخمی خاتون کو 100 فٹ گہری کھائی سے بحفاظت نکال لیا تاہم مدادی کام میں 13 گھنٹے لگ گئے اور اس دوران خاتون خوف اور اضطراب کا شکار ہوگئیں۔ لاس اینجلس کے کاؤنٹی شیرف ڈپارٹمنٹ نے امدادی کام کی ویڈیو بھی جاری کی ہے۔
امدادی ٹیم کے اہلکار کا کہنا تھا کہ خاتون کی زندگی خوش قسمتی کے باعث بچ گئی، نہ صرف خاتون نے شدید چوٹوں کو برداشت کرلیا بلکہ ہواؤں کے تیز تھپیڑوں اور شور کے باوجود ہائیکر نے خاتون کی آواز سن لی اور امدادی ٹیم کو آگاہ کیا۔