موبائل فون صارفین پر ایڈوانس ٹیکس کی شرح میں اضافے پر غور

موبائل فون صارفین پر ایڈوانس ٹیکس کی شرح میں اضافے پر غور


وفاقی حکومت نے محصولات میں اضافے کے لیے موبائل فون صارفین پر ایڈوانس ٹیکس کی شرح بڑھانے پر غور شروع کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق آئندہ آنے والے منی بجٹ میں ایف بی آر نے موبائل فون صارفین پر ٹیکسوں کی شرح میں 50 فیصد اضافے کی تجویز دی ہے۔ تجاویز کی منظوری سے وہ ٹیکس چھوٹ بھی ختم ہوجائیں گی جو رواں برس بجٹ کے دوران دی گئی تھی۔

رواں مالی سال کے بجٹ میں موبائل فون صارفین پر ایڈوانس ٹیکس 12 فیصد سے کم کرکے 10 فیصد کردیا گیا تھا، اس کے علاوہ حکومت نے آئندہ مالی سال 23-2022 کے لئے ایڈوانس ٹیکس کو مزید کرکے 8 فیصد کرنے کا عندیہ دیا تھا، تاہم اب ایسا لگتا ہے کہ حکومت رواں مالی سال کی دوسری ششماہی میں ٹیکسوں کی وصولی کو بڑھانے کے لیے ایڈوانس ٹیکس میں 5 فیصد اضافہ کرنے جارہی ہے۔

مشیر خزانہ شوکت ترین کی جانب سے تجویز کی توثیق کے بعد ہی اسے منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ ایڈوانس ٹیکس میں اضافے کی تجویز منظورہوئی تو پھر یہ شرح 15 فیصد تک پہنچ جائے گی۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں اس وقت 18 کروڑ 70 لاکھ سے زائد موبائل فون صارفین ہیں، جن میں سے 9 کروڑ 80 سے زائد پری پیڈ صارف ہیں، ان صارفین کے پاس ریاست سے ایڈوانس ٹیکس کی واپسی کا دعویٰ کرنے کا کوئی ذریعہ نہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں پہلے ہی ریکارڈ مہنگائی ہے، اس کے علاوہ پیٹرولیم مصنوعات بھی قیمتیں بھی بلند ترین سطح پر ہیں، ایسی صورت حال میں ایڈوانس ٹیکس میں اضافہ مہنگائی کے مارے عوام کو مزید مشکل میں ڈال دے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں