پاکستان کی نامور اداکارہ منشا پاشا اور سماجی کارکن اور وکیل جبران ناصر کی منگنی کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
سوشل میڈیا پر منگنی کی تقریب کے کارڈ کی تصویر بھی وائرل ہورہی ہے جس کے مطابق یہ دونوں 22 دسمبر کو منگنی کرنے جارہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر زیرگردش اس تصویر کے بعد اداکارہ کے مینجر نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ منشا پاشا اور جبران ناصر رواں سال منگنی کرلیں گے۔
فوٹو: ٹوئٹر
خیال رہے کہ منشا پاشا اور جبران ناصر کے تعلقات کی خبریں گزشتہ سال اس وقت سامنے آئی تھیں جب ان دونوں نے اداکارہ فائزہ سلیم کی مہندی میں اکٹھے شرکت کی تھی۔
مہندی کی تقریب میں ان دونوں نے بولی وڈ کے گانے ‘دلبر’ پر بھی رقص کیا تھا جس کی ویڈیو خوب وائرل ہوئی تھی۔
منشا پاشا نے خود بھی دلہا، دلہن کے ہمراہ اپنی اور جبران ناصر کی ایک تصویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی تھی۔
فوٹو: منشا پاشا انسٹاگرام
البتہ اس وقت ہونے والی ان قیاس آرئیوں کے حوالے سے دونوں نے کوئی بیان جاری نہیں کیا تھا۔
تاہم اب انٹرنیٹ پر منگنی کے کارڈ کی تصویر سامنے آنے کے بعد بھی ان دونوں شخصیات نے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
یاد رہے کہ رواں سال جبران ناصر، منشا پاشا کی فلم ‘لال کبوتر’ کے پریمیئر کی تقریب کا بھی حصہ بنے تھے۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس موقع کی تصویر بھی شیئر کی تھی، جس میں وہ منشا کے ساتھ ساتھ فلم کی دیگر ٹیم کے ساتھ موجود تھے۔
جبران ناصر نے اپنی ٹوئٹ میں فلم کی تعریف کرتے ہوئے منشا کو ان کے کام پر سراہا بھی تھا۔
دوسری جانب منگنی کی خبر سامنے آنے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان دونوں کے مداحوں نے اپنی خوشی اور حیرانی کا اظہار شروع کردیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ ‘مشہور شخصیات میں یہ واحد منگنی کی خبر ہے جس کے لیے میں پرجوش ہوں’۔
ایک اور مداح نے خبر شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ دونوں کی ایک تصویر بھی شیئر کی۔
یاد رہے کہ 32 سالہ منشا پاشا کی 2013 میں اسد فاروقی سے شادی ہوئی تھی اور رپورٹس کے مطابق 2018 میں ان دونوں کی طلاق ہوگئی تھی، تاہم اداکارہ نے ہمیشہ ہی اپنی ذاتی زندگی کو خفیہ رکھا ہے جس کے باعث انہوں نے کبھی بھی ذاتی زندگی کے حوالے سے میڈیا میں بات نہیں کی۔