ملک کے اہم ترین صنعتی شعبوں کی پیداواری صلاحیت میں مسلسل کمی کا رجحان


ملک کے اہم ترین صنعتی شعبوں کی پیداواری صلاحیت میں مسلسل کمی کا رجحان رہا ہے۔

جیو نیوز کو موصول دستاویز میں انکشاف ہوا ہےکہ ملک کےاہم ترین صنعتی شعبوں کی پیداواری صلاحیت میں مسلسل کمی کا رجحان رہا ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق آئرن اور اسٹیل سیکٹر کی پیداوار میں 8 فیصد کمی اور آٹوموبیل سیکٹر کی پیداوار 5.74 فیصد گر گئی ہے۔

دستاویز کے مطابق الیکٹرونکس کے شعبے کی پیداوار میں 20.75 فیصد کمی، چمڑے کی صنعت کی پیداوار میں 44.7 فیصدکمی اور انجینئرنگ مصنوعات کی پیداوار میں 37.15 فیصد ریکارڈ کمی ہوئی ہے جب کہ لکڑی کی مصنوعات کے شعبہ کی پیداوار 69.7 فیصد کمی ہوئی ہے۔

دستاویز کے مطابق موجودہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں کچھ صنعتی شعبوں کی پیداوار معمولی طور پر بہتر بھی رہی، نئے مالی سال کے جولائی سے ستمبر کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں مجموعی طور پر 4.8 فیصد اضافہ بھی ہوا ہے۔

سرکاری دستاویز کے مطابق ستمبر میں ماہانہ بنیاد پر بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ ستمبر میں سالانہ بنیاد پر بڑی صنعتوں کی پیداور میں 7.65 فیصد اضافہ ہوا ہے، جولائی تا ستمبر ٹیکسٹائل سیکٹر کی پیداوار میں 2 فیصد جب کہ فوڈ، مشروبات، تمباکو کی پیداوار میں 13 فیصد اضافہ ہوا ہے، کوک اور پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 2.75 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

علاوہ ازیں فارماسیوٹیکل شعبہ کی پیداوار 13.4فیصد بڑھ گئی جب کہ کیمیکلز کی پیداوار میں 9.7 فیصد اور فرٹیلائز سیکٹر کی پیداوار میں 2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں