ملک کو8 ماہ میں 15 ارب 70 کروڑڈالرسے زائد تجارتی خسارے کا سامنا


اسلام آباد: 

ممبرکسٹم ایف بی آرکا کہنا ہے کہ رواں مالی سال فروری تک 31.3 ارب ڈالر کی درآمدات جبکہ 15.6 ارب ڈالر کی برآمدات ہوئی۔

سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے کم ترقی یافتہ علاقہ جات کے اجلاس کے دوران درآمدات اور برآمدات کی صورتحال پر ممبر کسٹم ایف بی آرکا کہنا تھا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران 55 ارب 90 کروڑ ڈالر سے زائد کی درآمدات جب کہ  23 ارب 20 کروڑ ڈالر کی برآمدات ہوئی۔

ممبر کسٹم ایف بی آرکا کہنا ہے کہ ملک میں رواں مالی سال فروری تک 31.3 ارب ڈالرکی امپورٹ جبکہ 15.6 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ ہوئی۔ ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے ملک میں انڈسٹری کا لگنا ضروری ہے جس کے لئے حکومت تیزی سے کام کررہی ہے۔

کمیٹی ممبران کا کہنا تھا کہ ان علاقوں میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا قیام ضروری ہے۔ اس بارے میں اگر قواعد میں کوئی مسئلہ ہے تو اس میں نرمی لائی جائے تاکہ وہاں پر کاروبار کو فروغ دیا جاسکے، کم ترقی یافتہ علاقوں میں خواتین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا قیام بھی ضروری ہے۔

وزارت کامرس کے حکام کا کہنا تھا کہ رولزمیں نرمی کے ذریعے وہاں پر چیمبرز کی رجسٹریشن کا عمل تیزکیا جائے گا۔ اجلاس میں کسٹم حکام نے چمن وبادینی میں کسٹم گیٹ ویز کو 24 گھنٹے آپریشنل بنانے کی بھی ہدایت کی۔

کمیٹی نے چمن گیٹ وے کو آپریشنل بنانے کے لئے درکار تمام عملہ جلد فراہم کرنے کی بھی سفارش کردی۔ کمیٹی نے ان علاقوں کے سڑکوں کو صوبہ کے بجائے این ایچ اے کے حوالہ کرنے کے لئے وزارت مواصلات سے بات کرنے کی بھی سفارش کی۔


اپنا تبصرہ لکھیں