ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں ایک ماہ کے دوران 32 فی صد کمی


 اسلام آباد: 

ملک کی بڑی صنعتوں کی پیداوار میں ایک ماہ کے دوران 32اعشاریہ 8 فی صد کمی واقع ہوئی ہے۔ 

اس حوالے سے وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ(جولائی تا اپریل )کے دوران ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں مجموعی طور پر 8.93 فیصد کمی  واقع ہوئی ہے جبکہ گزشتہ سال اپریل کی نسبت رواں سال بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 41.89 فیصد کمی ہوئی۔اپریل 2020ء میں مارچ 2020ء کی نسبت بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 32.85 فیصد کمی ہوئی ہے اپریل 2020ء میں اپریل 2019ء کی نسبت آٹو موبائل سیکٹر کی پیداوار میں 96.94 فی صد کی بڑی کمی ہوئی۔اپریل 2020ء میں سالانہ بنیادوں پر آئرن، سٹیل سیکٹر کی پیداوار 89 فیصد گر گئی ہے۔

ادارۂ شماریات کے مطابق اپریل میں الیکٹرانکس کی مصنوعات کی پیداوار میں 80.92 فیصد، چمڑے مصنوعات کی پیداوار میں 94.62 فیصد کمی ہوئی ہے۔جولائی تا اپریل میں آٹو موبیل سیکٹر کی پیداوار 41.90 فیصد، ادویات سازی کے شعبے کی پیداوار 5.31 فیصد، آئرن اور سٹیل سیکٹر کی پیداوار 15.68 فیصد گر گئی۔

وفاقہ ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا اپریل کوک اور پیٹرولیم سیکٹر کی پیداوار میں 21.15 فی صد، کیمیکلز سیکٹر کی پیداوار میں 3.71 فی صد اور الیکٹرانکس کی پیداوار میں 19.74 فی صد کمی ہوئی ہے جبکہ انجینئرنگ مصنوعات کی پیداوار میں 14.55 فی صد چمڑے کی مصنوعات کی پیداوار میں 4.44 فیصد کمی ہوئی۔

جولائی تا اپریل ٹیکسٹائل سیکٹر کی پیداوار میں 8.68 فی صد، مشروبات شعبے کی پیداوار میں 4.13 فی صد کمی ہوئی۔ جولائی تا اپریل فرٹیلائزر سیکٹر کی پیداوار میں 5.84 فی صد اضافہ ہوا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں