ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ بارش کے باعث منسوخ


لاہور: 

ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ بارش سے منسوخ کردیا گیا جس کے بعد دونوں ٹیمیوں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے اور ابھی تک صرف ملتان سلطانز ہی پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے جب کہ دیگر تمام ٹیموں کی بقیہ میچز ہی ان کی پوزیشن واضح کرسکیں گے تاہم آج بارش کی وجہ سے ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان اہم ٹاکرا نہ ہوسکا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا تاہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے اگلے مرحلے میں رسائی کے امکانات بہت کم ہوگئے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اب تک ایونٹ میں 8 میچ کھیل کر آخری پوزیشن پر ہے اور لاہور قلندرز کیخلاف گذشتہ میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 100 کا مجموعہ بھی حاصل نہیں کرپائے تھے، شین واٹسن اور جیسن روئے کی کارکردگی میں تسلسل نہیں،احمد شہزاد مسلسل ناکام ہیں، 2اننگز کے بعد جارح مزاج بیٹسمین اعظم خان کا بیٹ بھی خاموش ہے،سرفراز احمد بھی ناکامی کا شکار ہیں۔

دوسری جانب ملتان سلطانز نے 7 میچز میں 5 فتوحات پائیں، ایک شکست اور ایک بے نتیجہ مقابلے کی مدد سے ٹیم نے11پوائنٹس جوڑ کر فائنل فور مرحلے میں جگہ پکی کرلی ہے، اوپنرز جیمز ونس اور ذیشان اشرف اچھی فارم میں ہیں،مڈل آرڈر میں معین علی، کپتان شان مسعود، رلی روسو اور خوشدل شاہ بڑے اسکور کی راہ ہموار کرسکتے ہیں،شاہد آفریدی نے قذافی اسٹیڈیم میں بارش کی وجہ سے نامکمل رہنے والے میچ میں فارم کی جھلک دکھائی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں