بھارتی اداکارہ، ماڈل و رقاصہ ملائیکا اروڑا نے 2024 میں دوسری شادی کا عندیہ تو دیا لیکن ساتھ ہی سب کو کشمکش میں بھی مبتلا کر دیا۔
حال ہی میں بھارتی ڈانسر کے سابقہ شوہر و فلم ساز ارباز خان نے میک اپ آرٹسٹ شوریٰ خان سے دوسری شادی کی جس کے بعد بھارتی میڈیا کی نظریں ان پر ٹکی ہوئی ہیں۔
ملائیکا اروڑا نے بھی ایک جانب اپنے سابق شوہر کی دوسری شادی کے بعد سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ذومعنی انسٹااسٹوری شیئر کی تو دوسری جانب حال ہی میں ہونے والے ایک پروگرام کا ویڈیو کلپ وائرل ہے، جس میں بھارتی ڈانسر نے بطور مہمان شرکت کی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اسٹوریز میں بھارتی رقاصہ نے لکھا کہ ’میں اُٹھی تو، میرے پاس پہنے کے لیے کپڑے، پینے کے لیے پانی، کھانے کے لیے کھانا موجود ہے، جس پر میں شکر گزار ہوں‘۔
انہوں نے ایک اور انسٹا اسٹوی شیئر کی جس میں لکھا تھا کہ ’کسی ایسے شخص سے محبت کرو جو آپ کو محفوظ سایہ اور سب سے بڑی مہم جوئی دے سکے‘۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھارتی نجی چینل کے پروگرام سے وائرل ہونے والے ویڈیو کلپ میں ملائیکا اروڑا نے آنے والے سال میں دوسری شادی کا عندیہ دے کر سب کو اپنے دولہے کے حوالے سے کشمکش میں مبتلا کر دیا۔
مذکورہ ویڈیو کلپ میں میزبان فرح خان پروگرام میں شریک ملائیکا اروڑا سے سوال کرتی ہیں کہ کیا وہ سال 2024 میں شادی کرلیں گی؟
میزبان کے سوال پر پہلے تو انہوں نے جواب ٹالنے کی کوشش کی اور ظاہر کیا کہ اُنہیں سوال سمجھ نہیں آیا، تاہم بعدازاں انہوں نے غیر واضح انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر کوئی مجھ سے شادی کے لیے پوچھے گا تو میں ضرور شادی کرلوں گی‘۔
ملائیکا اروڑا کی جانب سے شادی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے اپنے دیرینہ بوائے فرینڈ ارجن کپور کا نام نہ لینے پر سوشل میڈیا صارفین قیاس آرائیاں کر رہے ہیں کہ یہ دونوں اب ایک ساتھ نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ ملائیکا اروڑا نے 1998 میں اداکار ارباز خان سے شادی کی تھی جس سے ان کا ایک بیٹا آرہان خان ہے۔
بعدازاں ان کی یہ شادی 19 برس قائم رہنے کے بعد 2017 میں طلاق پر ختم ہوگئی تھی۔
ملائیکا اور ارباز خان کی طلاق کے بعد مسلسل ساتھ دکھائی دینے پر ملائیکا اروڑا اور ارجن کپور نے اپنے تعلقات کے حوالے سے 2019 میں تصدیقی اعلان کیا تھا۔