معین خان نے اپنے خلاف سازش کا پردہ چاک کر دیا

معین خان نے اپنے خلاف سازش کا پردہ چاک کر دیا


 کراچی:  سابق ٹیسٹ کپتان معین خان نے اپنے خلاف سازش کا پردہ چاک کر دیا۔

معین خان نے الزام عائد کیا کہ ورلڈ کپ2015 کے دوران کیسینو اسیکنڈل کو بعض پی سی بی آفیشلزنے ہوا دینے کی غرض سے میڈیا کو بھڑکایا،معاملے کو نمایاں کرنے کا مقصد میگا ایونٹ کے افتتاحی میچ میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست پرعوامی ردعمل سے بچنا تھا۔

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقدہ میگا ایونٹ میں پاکستان کے چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں ادا کرنے والے معین خان نے ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں کہا کہ میں کرائسٹ چرچ کے مقامی کیسینو جوا کھیلنے نہیں بلکہ اپنی اہلیہ کے لیے کھانا لینے گیا تھا،واقعے کو غیرضروری طور پر ہوا دی گئی۔

سابق ہیڈ کوچ معین خان نے پی سی بی میں موجود بعض افراد کو مورد الزام ٹہراتے ہوئے کہا کہ انھوں نے بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان کی ناکامی پربڑھتے ہوئے عوامی دباؤ کا رخ موڑنے کے لیے میڈیا کو اسکینڈل بنانے کی شہ دی، اسی تسلسل میں ایک گروپ نے کراچی میں میرے گھر کے سامنے مظاہرہ کرتے ہوئے دروازے پر انڈے برسائے۔

واضح رہے کہ مذکورہ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد پی سی بی نے معین خان کو فوری طورپر واپس وطن طلب کرتے ہوئے وضاحت مانگی تھی، اس وقت کے چیئرمین شہر یار خان نے معین خان کی معذرت قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ چیف سلیکٹرضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب نہیں ہوئے۔


اپنا تبصرہ لکھیں