‎معروف بھارتی کامیڈین ککو شرڈا کا ڈیلس میں قہقہوں اور خوشیوں سے بھرپور شاندار شو


معروف بھارتی کامیڈین ککو شرڈا کا ڈیلس میں قہقہوں اور خوشیوں سے بھرپور شاندار شو

رپورٹ: راجہ زاہد اختر خانزادہ

ڈیلس، ٹیکساس:  بھارت کے مشہور کامیڈین اور اداکار ککو شرڈا، جو F.I.R., کامیڈی نائٹسود کپل اور دی کپل شرما شو میں اپنے یادگار کرداروں کے باعث عالمی شہرت رکھتے ہیں، نے ڈیلس کے شہریوں کو اپنے منفرد کامیڈی انداز سے محظوظ کیا۔ یہ شاندار سولڈ آؤٹ شو حبا انٹرٹینمنٹ کے زیر اہتمام ڈیوا ایونٹ سینٹر میں منعقد ہوا، جہاں حاضرین نے قہقہوں اور خوشیوں سے بھرپور شام کا لطف اٹھایا۔

ککو شرڈا، جو اپنی بے مثال صلاحیتوں کے باعث بھارت کے ہر گھر میں پسند کیے جاتے ہیں، نے اپنے مزاحیہ خاکوں اور شاندار لطیفوں سے حاضرین کو ہنسا ہنسا کر لوٹ پوٹ کر دیا۔ وہ اپنے مشہور کرداروں، جیسے کہ کانسٹیبل ملائم سنگھ گُگلُے، کامیڈی نائٹس ود کپل کے پالک، اور اکبر بیربل کے اکبر، کی جھلک سے وہ جانے جاتے ہیں انہوں نے ڈیلس میں تین کردار ادا کیئے جبکہ سنی دیول کا کردار بھی ادا کیا، انہوں نے اپنی پرفارمینس اور گانوں پر ٹھمکے دکھا کر حاضرین کو ماضی کی حسین یادوں میں لے گئے۔

جاگو ٹائمز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ککو شرڈا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:

اتنے محبت بھرے اور پُرجوش سامعین کے سامنے پرفارم کرنا ہمیشہ خوشی کا باعث ہوتاہے۔ میں حبا انٹرٹینمنٹ کے ناصر صدیقی اور قومی پروموٹرز مینو گپتا کا شکریہ ادا کرتا ہوںجنہوں نے اس شو کو ممکن بنایا۔

اس موقع پر ککو شرڈا کی قومی پروموٹر مینو گپتا نے کہا کہ ان کے شوز امریکہ بھر میں کامیابی کے ساتھ جاری ہیں۔ انہوں نے ڈیلس میں شاندار انتظامات کرنے پر حبا انٹرٹینمنٹ کے ناصر صدیقی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا، جن کی بدولت یہاں کے عوام کو بھارت کے اعلیٰ فنکاروں کو براہِ راست دیکھنے کا موقع ملا۔

ماڈل رینا شرما، جنہوں نے ککو شرڈا کی پرفارمنس میں ساتھ دیا، نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:

بھارت کے بہترین فنکاروں کے ساتھ کام کرنا اور ڈیلس کی ایک ثقافتی اور تفریحی تقریب کاحصہ بننا میرے لیے اعزاز ہے۔ ہنسنا ہر انسان کے لیے ایک بہترین دوا ہے، اس لیے ہمیشہخوش رہیں اور دوسروں کو خوش رکھیں۔

حبا انٹرٹینمنٹ کے روح رواں ناصر صدیقی نے ڈیلس کی عوام اور اپنی شاندار ٹیم، جس میں کمال صدیقی، علی سراج، ناہید راحیل سمیت  جاگو ٹائمز کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔

شو کے اختتام پر حاضرین مسکراتے چہروں اور یادگار لمحوں کے ساتھ ایونٹ سینٹر سے رخصت ہوئے اور کہا کہ وہ اب حبا انٹرٹینمنٹ کے زیر اہتمام مزید شاندار تقریبات کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں