پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد نے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو پاکستان انڈر 19 کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق سے نسیم شاہ کو مانگ لیں گے۔
نسیم شاہ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا حصہ ہیں تاہم پاکستان انڈر 19 ٹیم اور پھر ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار پرفارمنس کے بعد انہیں دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کیا گیا اور نسیم شاہ سب کی توجہ کا مرکز بن گئے۔
نسیم شاہ نے برسبین ٹیسٹ میں 20 اوورز کیے اور 68 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی اور یہ وکٹ سیریز کے کامیاب ترین بیٹسمین ڈیوڈ وارنر کی تھی۔
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجازاحمد کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ ہینڈی بولر ہے اور وہ ٹیم کا ان کے لیے مرکرزی بولر ہے، جب آسٹریلیا سے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق وطن واپس آئیں گے تو ان سے نسیم شاہ کے حوالے سے بات کریں گے۔
اعجاز احمد نے کہا کہ اب چونکہ سیریز سری لنکا کے خلاف ہے اور سیریز بھی ہمارے اپنے گراؤنڈز پر کھیلی جا رہی ہے اور اتنے فاسٹ بولرز کی بھی ضرورت نہیں ہو گی اس لیے نسیم شاہ کے حوالے سے ان سے بات کریں گے اور درخواست کریں گے کہ انہیں ریلیز کر دیا جائے کیونکہ انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ بھی بڑی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ نسیم شاہ کیمپ میں آئیں گے اور دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ کریں گے تاکہ اگلے ماہ ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے سب مل کر تیاری کریں، نسیم شاہ ٹیم کا سب سے مؤثر ہتھیار ہے، اس کی ٹیم کو ضرورت ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ کو قومی ٹیم کے ساتھ رہنے کا فائدہ ہو گا، اس کو اندازہ ہو گیا ہے کہ ان کنڈیشنز میں کیسے بولنگ کرنا ہے اور بڑے کھلاڑیوں کے سامنے کیسے کھیلنا ہے۔
اعجاز احمد نے کہا کہ قومی ٹیم کے ساتھ رکھنے کا مقصد بھی نسیم شاہ کو گروم کرنا ہے۔ نسیم شاہ ابھی اتنا تجربہ کار نہیں ہے،ابھی بچہ ہے اور اس کے مقابلے میں آسٹریلیا کی مضبوط ٹیم کے کامیاب بیٹسمین تھے اس لیے نسیم شاہ کو تھوڑی مشکل پیش آئی لیکن نسیم شاہ نے یقیناً بہت کچھ سیکھا ہوگا، ایک میچ سے کسی کھلاڑی کی کارکردگی کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ ان دنوں لاہور میں جاری ہے۔ امکان ہے کہ حتمی اسکواڈ کا اعلان آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔ ورلڈ کپ اگلے ماہ جنوبی افریقا میں کھیلا جائے گا۔