پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 22 کے سینئر افسر مشتاق مہر نے سندھ کے 60 ویں انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس کی حیثیت سے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کے بعد مشتاق مہر سینٹرل پولیس آفس پہنچے جہاں نئے آئی جی سندھ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جب کہ جانے والے آئی جی سندھ کلیم امام نے آنے والے آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر کی سی پی او آمد پر انہیں خوش آمدید کہا۔
مشتاق مہر نے سابقہ آئی جی سندھ اور دیگر سینئر پولیس افسران سے ملاقاتیں کیں۔
نئے آئی جی کا بعض نئے پولیس افسران سے تعارف کرایا گیا۔ نئے آئی جی سندھ اور جانے والے آئی جی ڈاکٹر سید کلیم امام کو پولیس کے خصوصی دستے نے سلامی دی۔
قبل ازیں دونوں افسران نے شہدائے پولیس کی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی جس کے بعد مشتاق مہر نے اپنے عہدے کا باقائدہ چارج سنبھالا۔
مشتاق مہر اس سے قبل آئی جی ریلوے کے عہدے پر تعینات تھے۔ وہ ایڈیشنل آئی جی ٹریفک سندھ کے عہدے پر بھی رہے اور دو مرتبہ بطور کراچی پولیس چیف خدمات انجام دے چکے ہیں۔
چاہتا ہوں پولیس کی موجودگی عوام کے لیے باعث تحفظ ہو: وزیراعلیٰ سندھ
قبل ازیں سندھ میں تعینات نئے آئی جی پولیس مشتاق مہر نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی۔ اور ان سے جوائننگ کی اجازت طلب کی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ سندھ میں امن امان کی بحالی میں پولیس کا بڑا اہم کردار ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس کو صوبے میں امن امان کو بہتر کرنے کی ہدایت دی۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مزید بہتر اقدامات کرے، چاہتا ہوں کہ پولیس کی موجودگی عوام کے لیے باعث تحفظ ہو نہ کہ پریشانی کا سبب بنے۔
نئے آئی جی پولیس نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ صوبے میں امن امان کو مزید بہتر کیا جائے گا۔
محنت لگن اور دیانت کے ساتھ کام کرتے رہیں: سابق آئی جی کلیم امام کا پولیس افسران سے خطاب
دوسری طرف ہٹائے گئے آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے چارج چھوڑنے سے قبل اعلیٰ سطحی ویڈیو لنک خطاب کیا اور اچھا کام کرنے اور ایک ٹیم بن کر ساتھ دینے پر تمام افسران و اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا۔
کلیم امام نے کہا کہ میں چارج چھوڑ کر جا رہا ہوں تاہم ڈپارٹمنٹ کام کر رہا ہے اور کرتا رہے گا۔
انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ محنت لگن اور دیانت کے ساتھ کام کرتے رہیں، سائلین کی مدد اور ان سے تعاون ترجیحی بنیاد پر کرتے رہیں۔
کلیم امام نے بعدازاں سی پی او کے اسٹاف سے بھی خطاب کیا، یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔