بولی وڈ کی نامور اداکارہ کنگنا رناوت اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے کسی نہ کسی تنازع کا شکار رہتی ہیں اور اگر بات ان کی بہن رنگولی چینڈل کی کی جائے تو وہ کنگنا سے بھی چار ہاتھ آگے ہیں۔
کنگنا رناوت کی بہن رنگولی اکثر و بیشتر ٹوئٹر پر بولی وڈ شخصیات کو تو تنقید کا نشانہ بناتی نظر آتی ہی ہیں، اس کے علاوہ بھی کئی اور سنجیدہ معاملات جیسے سیاست وغیرہ پر بھی متنازع بیانات دینے سے گریز نہیں کرتی۔
رنگولی چینڈل جو کہ کنگنا کی مینجر بھی ہیں، نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھارت میں تبلیغی جماعت کے ایک رکن سے متعلق متنازع ٹوئٹ کی جبکہ مولوی اور میڈیا کے خلاف لوگوں کو بھڑکانے کی کوشش بھی کی۔
یہاں یہ بھی واضح رہے کہ جس خبر کا حوالہ رنگولی چینڈل نے اپنی ٹوئٹ میں کیا وہ صرف ایک جھوٹی افواہ پر مبنی تھی۔
بعدازاں بھارتی جیولری ڈیزائنر فرح خان علی، اداکارہ کبریٰ سیٹ اور فلم ساز ریما کاگتی نے بھی رنگولی چینڈل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ ٹوئٹر سے ان کے اکاؤنٹ کو معطل کرنے کی درخواست بھی کی۔
متعدد شکایات کے بعد رنگولی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کردیا گیا جسے 95 ہزار سے زاہد صارفین فالو کررہے تھے۔
رنگولی چینڈل کے علاوہ بھارتی ریسلر ببیتا پھوگٹ نے بھی بھارت میں موجود مسلمانوں کے حوالے سے ٹوئٹر پر متنازع بیان جاری کیا جس کے بعد انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، جبکہ ان کا اکاؤنٹ معطل کرنے کی درخواست بھی کی جارہی ہے۔