رواں سال اسلام آباد ائیرپورٹ پر مسافروں پر تشدد کرنے والے ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) اہلکار کا کورٹ مارشل کردیا گیا۔
اسلام آباد ائیرپورٹ پر پیش آئے اس ناخوشگوار واقعے کا وزیراعظم عمران خان نے بھی نوٹس لیا تھا اور کئی افسران کو معطل کرکے واقعے کی انکوائری کا حکم دیا تھا۔
تاہم اب اے ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل ظفر الحق نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں ملوث اہلکار کا کورٹ مارشل کردیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اے ایس ایف مسافروں کے ساتھ احترام سے پیش آنے کی تربیت دیتی ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال 17 اکتوبر کو سعودی دارالحکومت ریاض سے پشاور آنے والی قومی ائیر لائنز (پی آئی اے) کی پرواز موسم کی خرابی کے باعث اسلام آباد ائیر پورٹ پر اتاری گئی تھی۔
موسم کی خرابی کے باعث پرواز کی روانگی میں کئی گھنٹے تاخیر ہوئی تو مسافروں نے احتجاج کیا جسے روکنے کے لیے اے ایس ایف اہلکاروں کو طلب کیا گیا لیکن اے ایس ایف اہلکار معاملے کو حل کرانے کے بجائے مسافروں سے لڑ پڑے اور ان پر تھپڑوں اور گھونسوں کی بارش کردی تھی۔
ایک اہلکار نے تو آپے سے باہر ہوکر مسافروں پر کرسی دے ماری تاہم خوش قسمتی سے کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اہلکار کو کوارٹر گارڈ کیا تھا۔