مریم نواز دوبارہ کورونا وائرس سے متاثر

مریم نواز دوبارہ کورونا وائرس سے متاثر


مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز دوسری مرتبہ عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثر ہوگئیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں انہوں نے بتایا کہ ان کا ‘کووڈ ٹیسٹ مثبت’ آیا۔

خیال رہے کہ مریم نواز پنجاب کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں خاصی سرگرم رہی ہیں اور گزشتہ رات بھی انہوں نے لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کیا تھا۔

اس سے قبل وہ 28 جولائی 2021 کو وائرس سے متاثر ہوئی تھیں۔

پہلی مرتبہ وائرس کا شکار ہونے پر انہوں نے بتایا تھا کہ ‘مجھے بخار، کھانسی اور نزلے کی علامات ہیں لیکن گھر میں ہی علاج ہورہا ہے’۔

واضح رہے کہ ملک میں عیدالاضحیٰ کی تقریبات اور مون سون کی بارشوں کے درمیان کووِڈ 19 کے کیسز دوبارہ بڑھ رہے ہیں جس کے سبب ملک میں کورونا وائرس کی پانچویں لہر پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 22 ہزار 451 ٹیسٹ کیے گئے، جس کے نتیجے میں 737 کیسز مثبت آئے، یوں ملک میں کووڈ کی مثبت شرح 3.28 فیصد رہی۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز وبا کے شکار 10 مریض دم توڑ گئے جبکہ 189 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

اس سے قبل حالیہ عرصے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی اور مرتضیٰ وہاب بھی کورونا وائرس سے دوبارہ متاثر ہوگئے تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں