روم:
ایک طویل اور محتاط تحقیق کے بعد سائنسدانوں نے اعلان کیا ہے کہ باقاعدگی سے مرچیں کھانے والے لوگوں میں دل کے دورے، رگوں کی سوجن اور فالج جیسے امراض کے باعث مرنے کی شرح ایسے افراد کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہوتی ہے جو مرچوں کا استعمال بالکل بھی نہیں کرتے یا بہت کم کرتے ہیں۔
طبّی تحقیقی مجلے ’’جرنل آف دی امریکن کالج آف کارڈیالوجی‘‘ کے تازہ شمارے میں شائع شدہ رپورٹ کے مطابق، یہ مطالعہ اٹلی میں کیا گیا جو 8 سال تک جاری رہا۔ اس میں 22,811 مقامی افراد نے حصہ لیا جن میں 35 سال یا اس سے زیادہ عمر کی خواتین اور مرد، دونوں تقریباً مساوی تعداد میں شامل تھے۔
مطالعے کے دوران تمام رضاکاروں کے رہن سہن اور کھانے پینے سے متعلق معمولات پر گہری نظر رکھی گئی اور ان سے مختلف مواقع پر سوال نامے بھروائے جاتے رہے جن میں ان سے خاص طور پر کھانے میں مرچوں کے استعمال کے بارے میں پوچھا جاتا۔ مطالعے کے اختتام پر معلوم ہوا کہ ہفتے میں کم سے کم چار مرتبہ مرچیں کھانے والے لوگوں میں مرچیں نہ کھانے والے افراد کی نسبت دل کے دورے سے مرنے کا امکان 44 فیصد کم تھا، جبکہ رگوں کی سوجن یا فالج سے اموات کی شرح 61 فیصد تک کم نوٹ کی گئی۔
قبل ازیں ایسے ہی دو مطالعات امریکا اور چین میں ہوچکے ہیں جن میں باقاعدگی سے مرچیں کھانے کے کم و بیش یہی اثرات سامنے آئے تھے۔ مذکورہ مطالعے سے معلوم ہوا کہ یورپی اقوام کو بھی مرچوں کے باقاعدہ استعمال سے وہ تمام فوائد حاصل ہوتے ہیں جو امریکیوں اور چینیوں کو حاصل ہورہے ہیں۔
اب تک یہ تو معلوم نہیں کہ مرچوں کے ان فوائد کی اصل وجہ کیا ہے لیکن ماہرین کا خیال ہے کہ مرچوں کی تقریباً تمام اقسام میں ’’کیپسی سین‘‘ (Capsaicin) نامی ایک مرکب موجود ہوتا ہے جو ان مرچوں میں ’’مرچوں‘‘ کی وجہ بنتا ہے۔ چینی مطالعے سے پتا چلا تھا کہ کیپسی سین سے نہ صرف کولیسٹرول میں کمی آتی ہے بلکہ یہ ایک ایسے جین کو بھی کام کرنے سے روکتا ہے جو رگوں میں سختی کی وجہ بنتا ہے۔
مرچیں سرخ ہوں یا لال، تتیّا مرچ ہو یا شملہ مرچ، یہ بات بہرحال طے ہے کہ ان کی معمولی مقدار ہی ہماری روزمرہ غذا میں شامل ہونی چاہیے، ایسا نہ ہو کہ مرچوں کے طبّی فوائد پڑھ کر روزانہ وافر مقدار میں مرچیں کھانا شروع کردی جائیں۔ ایسا کرنا بہرحال صحت کےلیے مفید نہیں ہوگا۔