پیارے ساتھیو!جب دنیا آپ کے سامنے بکھر رہی ہو، تمام عمر جس موت کو جھٹلایا، وہ سب سے بڑی حقیقت بن کر سامنے کھڑی ہو، تو انسان کے منہ سے جو الفاظ نکلتے ہیں، وہ اس کی پوری زندگی کا لب لباب ہو سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ موت کو سامنے دیکھ کر عظیم ترین شخصیات کے منہ سے بھی جو الفاظ نکلے، وہ تاریخ کا حصہ بن گئے۔ ان میں سے چندکے آخری وقت کے آخری الفاظ آپ کی نذرہیں۔
قائداعظم محمد علی جناح
قائداعظم کے معالج پروفیسر ڈاکٹر الہیٰ بخش نے اپنی کتاب ‘ With the Quaid-i-Azam during his last days ‘ میں تحریر کیا ہے کہ بانی پاکستان کے آخری الفاظ ” میں اب نہیں” تھے، جس کے آدھے گھنٹے بعد ان کا انتقال ہوا۔
لیاقت علی خان
پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کو 16 اکتوبر 1951 کو راولپنڈی میں ایک جلسے کے دوران فائرنگ کرکے قتل کیا گیا اور مختلف رپورٹس کے مطابق ان کے آخری الفاظ ” اللہ پاکستان کی حفاظت کرے” تھے۔
تھامس ایڈیسن
“باہر کا منظر کتنا خوبصورت ہے”معروف موجد تھامس ایڈیسن نے بیماری کی حالت میں آنکھیں کھول کر قریب کھڑی اہلیہ سے یہ الفاظ کہے تھے۔
لیونارڈو ڈا ونچی
سولہویں صدی کے مشہور اطالوی موجد، مصور، مجسمہ ساز، ماہر تعمیرات، سائنس دان، دان، موسیقار اور ریاضی دان۔ یورپی نشاۃ ثانیہ کے عہد کی اہم ترین شخصیت لیونارڈو کے یہ آخری الفاظ
“میں نے سب کو بہت مایوس کیا کیونکہ میرا کام اُس معیار تک نہیں پہنچ سکا ،جہاں اسے ہونا چاہیے تھا”۔
مدر ٹریسا (سماجی کارکن)
انڈیا میں 45 سال سے زائد عرصے تک بیمار، یتیم اور غریب افراد کی خدمت کرنے والی مدر ٹریسا کے آخری الفاظ یہ تھے ” مسیح مجھے آپ سے محبت ہے، مسیح مجھے آپ سے محبت ہے”۔
کارل مارکس
دفع ہوجاؤ ادھر سے! آخری الفاظ وہ احمق ادا کرتے ہیں، جو زندگی میں اپنی بات پوری طرح نہ سنا پائے ہوں”
معروف جرمن فلسفی، ماہر اقتصادیات و عمرانیات کارل مارکس نے یہ الفاظ اپنے گھریلو ملازم کے سوال پر ’’کہ آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں‘‘کہ جواب میں کہے تھے اور اس کے ساتھ ہی اُس کی روح جسم سے نکل گئی۔
چارلس ڈارون
“مجھے مرنے سے ڈر نہیں لگتا”انگلستان کے مشہور عالم طبیعیات و ارضیات، جو نظریہ ارتقا پیش کرنے کی وجہ سے معروف و مشہور ہیں۔ اپریل 1882ء میں انتقال ہوا۔
نپولین بوناپارٹ
“فرانس، فوج، سپہ سالار، جوزفین”
فرانس کا عظیم سپہ سالار بحر الکاہل کے ایک دور دراز جزیرے ‘سینٹ ہلینا پر اپنی جلاوطنی کے ایام میں مرا۔ اس کے آخری الفاظ اپنے وطن، فوج اور اہلیہ سے محبت کے عکاس ہیں۔