پاکستانی ڈرامہ و فلم انڈسٹری کی اداکارہ و ماڈل کرن ملک نے کہا ہے کہ مجھے ہر کوئی ہمیشہ بھارتی معروف اداکارہ انوشکا شرما کی ہمشکل قرار دیتا ہے۔
کرن ملک نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی اور معروف فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین کی جانب سے پوچھے گئے متعدد دلچسپ سوالات کے جواب دیے۔
شو کے دوران اداکارہ نے بتایا کہ اُنہیں سینئر اداکار و فلم ساز شان شاہد کی جانب سے جب اپنی فلم ’ضرار‘ میں مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کیا گیا تو سب نے ان پر سخت تنقید کی۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ ہر کوئی یہی سوال اٹھا رہا تھا کہ مجھے اچانک سے مرکزی کردار کے لیے کیسے آفر آ گئی، مجھے کیسے کاسٹ کر لیا گیا؟
اداکارہ کا شکوہ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ لوگوں نے یہاں تک بھی الزام لگایا کہ میں نے اور شان شاہد نے صرف ہوٹل میں ایک ساتھ بیٹھ کر کافی پی ہے اور میں شان شاہد کو اچھی لگ گئی اور پھر انہوں نے مجھے مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کر لیا۔
ایک سوال کے جواب میں کرن ملک نے بتایا کہ بہت سارے لوگ انہیں کہتے ہیں کہ وہ بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما کی طرح دکھائی دیتی ہیں۔
کرن ملک کے اس انکشاف پر شو کے میزبان حسن شہریار یاسین نے کہا کہ ہاں لوگ سچ بولتے ہیں۔