متعارف کرائے جانے سے قبل ہی ڈونلڈ ٹرمپ کا سوشل نیٹ ورک ہیک

متعارف کرائے جانے سے قبل ہی ڈونلڈ ٹرمپ کا سوشل نیٹ ورک ہیک


امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اعلان کردہ سوشل میڈیا ویب سائٹ کو متعارف کرائے جانے سے قبل ہی ہیک کرلیا گیا۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق نفرت انگیز اور غلط معلومات پھیلانے کے خلاف کام کرنے والے ہیکرز کے ایک گروپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے تیار ہونے والی سوشل میڈیا ویب سائٹ ’ٹروتھ‘ تک رسائی کرکے اسے ہیک کیا۔

ہیکرز نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ’ٹروتھ سوشل‘ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ہی ذاتی اکاؤنٹ کو ہیک کرکے اس پر ’سوئر‘ کی تصویر شیئر کرنے سمیت اس پر ڈونلڈ جے ٹرمپ بھی لکھا۔

اسی حوالے سے ’نیویارک ٹائمز‘ نے بھی اپنی رپورٹ میں متعدد ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ہیکرز نے ڈونلڈ ٹرمپ کی تیار ہونے والی سوشل میڈیا نیٹ ورک کی ویب سائٹس کے متعدد اکاؤنٹس کو ہیک کیا۔

ہیکرز کے گروپ کے مطابق ’ٹروتھ سوشل‘ کی ویب سائٹ ابھی عوامی سطح پر دستیاب نہیں اور اس پر کام جاری ہے، تاہم انہوں نے ویب سائٹ کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھا کر وہاں ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹ کو ہیک کرنے سمیت وہاں فرضی اکاؤنٹ بھی بنائے۔

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 21 اکتوبر کا نیا سوشل میڈیا نیٹ ورک ’ٹروتھ سوشل‘ متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم کے مطابق ’ٹروتھ سوشل‘ کا آزمائشی ورژن نومبر کے اختتام تک امریکی صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا جب کہ اسے مکمل طور پر 2022 کی پہلی سہ ماہی میں متعارف کرایا جائے گا۔

’ٹروتھ سوشل‘ کو ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ (ٹی ایم ٹی جی) اور ایک خصوصی کمپنی (ایس پی اے سی) کے انضمام سے بننے والی ایک نئی کمپنی کے ذریعے تیار کیا جائے گا۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’ٹروتھ سوشل‘ کس طرح کی سوشل ویب سائٹ ہوگی؟ امکان ہے کہ مذکورہ نیٹ ورک فیس بک کی طرح کا ہوگا، تاہم بعض افراد کا خیال ہے کہ ’ٹروتھ سوشل‘ ٹوئٹر کی طرح مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ہوگا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نومبر 2016 سے جنوری 2021 تک امریکا کے 45 ویں صدر رہے تھے اور ان کی نفرت انگیز اور غلط معلومات کی پوسٹس کی وجہ سے فیس بک، ٹوئٹر اور یوٹیوب نے ان کے اکاؤنٹس بند کردیے تھے۔

ٹوئٹر نے 9 جنوری 2021 کو ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ بند کرکے ان پر تاحیات پابندی عائد کردی تھی جب کہ فیس بک نے 7 جنوری 2021 کو ان کے اکاؤنٹس بند کردیے تھے۔

ٰیوٹیوب نے بھی 27 جنوری 2021 کو ہی ڈونلڈ ٹرمپ کا چینل بند کردیا تھا جب کہ اسنیپ چیٹ اور انسٹاگرام نے بھی ان پر پابندی عائد کردی تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مارچ 2021 میں ہی عندیہ دیا تھا کہ بڑی سوشل میڈیا ویب سائٹس کی جانب سے پابندی کی وجہ سے ممکنہ طور پر وہ اپنا پلیٹ فارم متعارف کرائیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں