متحدہ عرب امارات (یواے ای)کی جانب سے سماجی رابطوں کی مقبول ایپ ’واٹس ایپ‘ کے کالنگ فیچر پر عائد پابندی اٹھانے پر غورکیا جارہا ہے جس کے بعد وہاں رہنے والے افراد بھی واٹس ایپ کالز کی سہولت سے مستفید ہوسکیں گے۔
خلیجی اخبار کے مطابق یو اے ای کے حکام کی جانب سے واٹس ایپ کالز سروس پرجلد پابندی اٹھانے پر غور کیا جارہا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی نیشنل الیکٹرانک سیکیورٹی اتھارٹی کے سربراہ محمد الکویتی کا امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہناتھا کہ اب واٹس ایپ کے ساتھ ہمارے بہتر روابط قائم ہوئے ہیں اور واٹس ایپ کے ساتھ اشتراک بڑھانے کے علاوہ مخلتف امور پر کام کیا جارہا ہے جس کے بعد امکان ہے کہ متحدہ عرب امارات میں جلد ہی واٹس ایپ کال پر سے پابندی اٹھالی جائے۔
واضح رہے کہ یو اے ای میں واٹس ایپ سمیت اسکائپ اور فیس ٹائم کی آڈیو اور ویڈیو کالنگ سروس پر پابندی عائد ہے تاہم صارفین ان کی ٹیکسٹ میسج سروس استعمال کرسکتے ہیں۔
اس پابندی کے باعث وہاں کے رہائشی حکام کی جانب سے منظور شدہ بوٹِم اور سی می کال سروس استعمال کرتے ہیں۔