کراچی:
اداکارہ مایا علی کی آنے والی فلم ’پرے ہٹ لو‘ میں شامل آئٹم سانگ ’بلما بھگوڑا‘ ریلیز کردیا گیا۔
مایا علی اور شہریار منور کی محبت کی داستان پر مبنی فلم ’پرے ہٹ لو‘ کی تشہیر ان دنوں زور و شور سے جاری ہے جس میں لیجنڈ اداکار ندیم بیگ، زارا نور سمیت انڈسٹری کی کئی نامور شخصیات شامل ہیں۔ عاصم اظہر کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کے دیگر گیت ریلیز ہونے کے بعد اب آئٹم سانگ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
فلم ’پرے ہٹ لو‘ کے گزشتہ روز ریلیز کیے جانے والے گیت ’بلما بھگوڑا‘ میں مایا علی ایک منفرد انداز کے ساتھ گیت پر رقص کرتی نظر آرہی ہیں۔ گانے میں معروف گلوکارہ آئمہ بیگ نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔ گانے کے بول فلم کے ہدایت کار عاصم اظہر اور اداکار احمد علی بٹ نے تحریر کیے ہیں۔
واضح رہے کہ مایا علی کی ڈراموں کے بعد فلم ’پرے ہٹ لو‘ دوسری فلم ہے جب کہ اس سے قبل انہوں نے علی ظفر کے ہمراہ فلم ’طیفا ان ٹربل‘ میں ڈیبیو کیا تھا تاہم اُن کی نئی آنے والی یہ فلم عید الاضحی پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی