پاکستان کی نامور اداکارہ ماہرہ خان نے 2019 میں سب کو فلم ‘سپراسٹار’ میں صرف اپنی اداکاری سے ہی نہیں بلکہ ڈانس سے بھی خوب متاثر کیا تھا۔
فلم ‘سپراسٹار’ میں ماہرہ خان نے نوری نامی اداکارہ کا کردار نبھایا جبکہ ان کا گانا ‘نوری’ بھی بےحد مقبول ہوا تھا جس میں ماہرہ شاندار رقص کرتی نظر آئیں۔
اور اب ماہرہ خان کی ایک اور ڈانس ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اس ہی گانے کی پریکٹس کرتی نظر آرہی ہیں۔
مزید پڑھیں: ’نوری‘ کے بولڈ ڈانس کے بعد ماہرہ خان کے ’عربی رقص‘ کے چرچے
ماہرہ خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فلم ‘سپراسٹار’ کی یادیں تازہ کرنے کے لیے کچھ جھلکیاں شیئر کیں۔
انہوں نے لکھا کہ ‘فلم سپراسٹار میرے دل سے بےحد قریب ہے، اس فلم سے مجھے بہت پیار ملا اور بہت کچھ سیکھا بھی، میں سب کچھ ہمیشہ یاد رکھوں گی’۔
خیال رہے کہ فلم ‘سپراسٹار’ کی ریلیز سے قبل ماہرہ خان کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ‘نوری’ گانے میں بولڈ ڈانس کرنا گانے کی ضرورت تھی۔
انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے فلم میں گانوں پر ڈانس کے لیے کوئی تربیت نہیں لی اور نہ ہی انہیں ریہرسل کرنے کا زیادہ وقت ملا۔
یاد رہے کہ اس گانے میں ماہرہ کے ہمراہ عثمان خالد بٹ نے رقص کیا تھا۔