کراچی: اداکارہ ماہرہ خان نے لوگوں سے وزیراعظم کے کورونا فنڈ میں امداد دینے کی درخواست کی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے یکم اپریل کو کورونا وبا کے خلاف قومی مدافعت میں معاونت اور لوگوں کی امداد کے لئے’’کرونا ریلیف فنڈ‘‘ قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ سب اس فنڈ میں اپنا حصہ ڈالیں تاکہ ان لوگوں کی دیکھ بھال ممکن ہوسکے جنہیں بندشوں (لاک ڈاؤن) نے افلاس کے کنارے لاکھڑا کیا ہے۔
ماہرہ خان نے لوگوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے کووڈ19 کے کورونا ریلیف فنڈ میں اپنی حیثیت کے مطابق عطیات جمع کرائیں۔
ماہرہ خان سے قبل اداکارہ مہوش حیات بھی لوگوں سے وزیراعظم کے ریلیف فنڈ میں عطیات جمع کرانے کی درخواست کرچکی ہیں۔ اپنے ویڈیو پیغام میں مہوش حیات کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث ہونے والی چھٹیاں، چھٹیاں نہیں ہیں ہمیں زندگیاں بچانے کے لیے گھر میں رہنا ہوگا۔ ہم ساتھ مل کر اس جنگ کو جیت جائیں گے۔