پاکستان کی سپر اسٹار اور خوبرو اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے بالی وڈ کے پہلے پروجیکٹ ’رئیس‘ کے 3 سال مکمل ہونے کی خوشی میں اپنے پسندیدہ لمحات مداحوں سے شیئر کر دیئے۔
ماہرہ خان اور بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی جوڑی کو نا صرف پاکستان میں پسند کیا جاتا ہے بلکہ اُن کی آن اسکرین کیمسٹری کو سرحد پار بھی خوب سراہا جاتا ہے۔
اہم، بالی وڈ فلم ’رئیس‘ کی کامیابی کے تین سال مکمل ہونے کی خوشی میں سپر اسٹار ماہرہ خان نے سوشل میڈیا کے ذریعے اس فلم کے اپنے پسندیدہ لمحات مداحوں سے شیئر کیے۔
اس ضمن میں ماہرہ خان نے ٹوئٹر سمیت انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی فلم ’رئیس‘ کی کچھ جھلکیاں شیئر کیں۔
دوسری جانب بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو کلپ شیئر کی جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ’رئیس کے 3 سال مکمل ہو گئے، مجھے یہ فلم بنانے میں بے حد مزہ آیا، میں اس فلم کی کاسٹ، کریو اور پروڈیوسر کا شکریہ ادا کرتا ہوں‘۔
علاوہ ازیں فلم ’رئیس‘ کے ہدایت کار راہل ڈھولکیا نے بھی ٹوئٹر پر فلم کی عکس بندی کے دوران ماہرہ خان کے ساتھ کھینچی جانے والی ایک خوبصورت تصویر شیئر کی۔
انہوں نے تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’ماہرہ خان کو پتنگ اُڑانا سکھا رہا ہوں، اور آخر میں ہماری پتنگ کٹ جاتی ہے اور وہ گانا گاتی ہے‘۔
رئیس کے ہدایت کار کی پوسٹ پر ماہرہ خان بھی اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھتی ہیں کہ’بہت اچھا وقت تھا، آپ سب کو یاد کر رہی ہوں‘۔
واضح رہے کہ اداکارہ ماہرہ خان کی بالی وڈ میں پہلی فلم ’رئیس‘ تھی جس میں وہ اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ مرکزی کردار کرتی نظر آئی تھیں، یہ فلم 25 جنوری 2017 کو ریلیز کی گئی تھی۔