کراچی:
اداکارہ ہانیہ عامرنے اپنی بغیر میک اپ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرکے معاشرے میں قائم خوبصورتی کے معیارکے خلاف آواز اٹھائی ہے جس پر ماہرہ خان سمیت شوبز کے دیگر فنکار بھی ان کی آواز میں آواز ملانے لگے ہیں۔
اداکارہ ہانیہ عامر نے چند روز قبل انسٹاگرام پراپنی بغیر میک اپ دوتصاویر شیئر کی تھیں جن میں ان کے چہرے پر کیل مہاسے اوردانے (ایکنی) نمایاں تھے جو کافی بدنما لگ رہے تھے۔ ہانیہ نے یہ تصاویر شیئر کرکے معاشرے میں قائم خوبصورتی کے معیارات پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ میری جلد میری پہچان کیوں ہے، خوبصورتی کے یہ معیار آخرکس نے بنائے ہیں کہ صاف اورشفاف جلد ہی خوبصورتی کی علامت ہے۔ اس کے علاوہ ہانیہ نے یہ بھی بتایا کہ چہرے پرموجود ان کیل مہاسوں اور دانوں کی وجہ سے وہ کس قدر پریشان رہیں، ان کے رات دن روتے ہوئے گزرے اور وہ عدم تحفظ کا شکارہونے لگی تھیں۔
جہاں اداکارہ ہانیہ نے اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرکے اپنے خوف اور عدم تحفظات کو لوگوں کے ساتھ شیئرکیا تھا، وہیں اداکاریاسرحسین نے ان کی پوسٹ کو غیر سنجیدہ لیتے ہوئے انہیں مذاق کا نشانہ بنا ڈالا۔ یاسر حسین کے مذاق اڑانے پر ہانیہ سے رہانہ گیا اور انہوں نے یاسر کو کھری کھری سناتے ہوئےکہا کہ لوگ جس طرح دوسرے لوگوں کے عدم تحفظات کو نشانہ بناکر مذاق اڑاتے ہیں یہ نہایت بدتر اور قابل نفرت ہے۔ یہ مذاق نہیں بے عزتی ہے، میں نہیں ہنسی، کوئی دوسرا بھی نہیں ہنس رہا۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: ہانیہ عامرنے یاسرحسین کو مذاق اڑانے پر کھری کھری سنادی
نامور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے ہانیہ عامر کی پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے ان کی ہمت کی تعریف کی اورکہا میں بھی نہیں ہنس رہی، کوئی اور ہانیہ عامر نہیں ہوسکتی، مجھے تم پر فخر ہے کہ تم نے اتنی ہمت کا مظاہرہ کیا۔
اداکارہ سائرہ شہروز نے بھی ہانیہ عامر کی پوسٹ پر جواب دیتے ہوئے لکھا خراب جلد، بالوں کا گرنا اوروزن کا بڑھنا، یہ چیزیں ہم پر اثراندازہوتی ہیں، اکثر ہم انہیں سمجھ نہیں پاتے اورخود سے ہی لڑنے لگ جاتے ہیں۔ تاہم آخر میں سب ٹھیک ہوجاتا ہے۔
گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع نے ہانیہ عامر کی تصاویر پر تبصرہ کرتے ہوئے انہیں بہادر اورخوبصوت قراردیا۔
ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی اہلیہ طوبیٰ عامرنے ایک مختصر ویڈیو کلپ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا جس میں وہ کہتی نظر آرہی ہیں کہ جیسی تصویر میں نظر آتی ہے ویسی کسی کی بھی جلد نہیں ہوتی سب کے ساتھ مسائل ہوتے ہیں اورخواتین گھروں میں اپنی جلد کے حوالے سے پریشان ہوتی ہیں۔ طوبیٰ نے ہانیہ کی رائے کو بھی سراہا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اپنی جلد کو اپنی شخصیت کی پہچان بننے نہ دیں