پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ میزبان اور اداکار سلمان شیخ عرف مانی نے سینئر اداکار شان شاہد کو ہدایتکار فیصل قریشی سے متعلق بیان پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں شان شاہد کی ایک پوسٹ کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوا تھا ، جس میں انہوں نے اداکار، ہدایتکار و معروف کامیڈین فیصل قریشی کو ناکارہ ہدایتکار قرار دیا تھا۔
تاہم اب اداکار و میزبان سلمان شیخ عرف مانی کی انسٹا اسٹوری کا اسکرین شاٹ وائرل ہو رہا ہے، جس میں انہوں نے سابقہ حوالہ دیئے بغیر اداکار شان شاہد کی ایک پرانی فلم کا ویڈیو کلپ شیئر کیا اور اسے طنزیہ انداز میں متاثر کُن قرار دیا ہے۔
اداکار مانی نے شان شاہد کی پرانی فلم کے ایک سین پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ متاثر کُن 45 سیکینڈ کا کلپ ہے جس میں شان اپنی جائے نماز سے ایک انچ ہٹے بغیر گولیوں کے حملے میں محفوظ رہتے ہیں‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’کیا کوئی اس بلاک بسٹر مووی کا نام بتا سکتا ہے جس سے یہ متاثر کُن سین لیا گیا ہے‘،
اداکار مانی کی انسٹا اسٹوری کے وائرل اسکرین شارٹ پر سوشل میڈیا صارفین اداکار سے متفق نظر آ رہے ہیں۔