کراچی: طلبگاروں کی ڈیمانڈ محدود ہونے اور آنے والے دنوں میں قدر میں نمایاں کمی کے خدشات کے پیش نظر مالی سال 2022-23 کے پہلے کاروباری دن پیر کو انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر محدود اتار چڑھاؤ کے بعد تنزلی سے دوچار رہی۔
کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر ڈالر کے انٹر بینک ریٹ 205روپے سے بھی تجاوز کر گئے تھے لیکن بعد دوپہر ڈیمانڈ گھٹنے سے اسکی قدر میں کمی واقع ہوئی اور نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید 53پیسے کی کمی سے 204.56روپے کی سطح پر بند ہوئی۔
اسکے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 50پیسے بڑھ کر 204.50روپے کی سطح پر بند ہوئی لیکن اسکے باوجود انٹر بینک مارکیٹ کے مقابلے میں اوپن مارکیٹ میں فی ڈالر کی قیمت 6پیسے کم ریکارڈ کی جا رہی ہے۔